اربوں ڈالر باہر جارہے ہیں لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں چیف جسٹس

پاکستان کو بچانے کے لیے جنگ لڑنی ہوگی، پاکستان کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کریں گے، جسٹس ثاقب نثار

پاکستانی کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے (فوٹو : فائل)

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ مقدمات کے فیصلوں میں تاخیر ایک بڑا مسئلہ ہے جسے حل کرنا ہوگا ورنہ لوگوں کا ہم پر سے اعتبار ختم ہوجائے گا۔

کراچی میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ آج کل اربوں روپے کے اکاؤنٹس سامنے آرہے ہیں، لوگوں کے نام پر درجنوں گاڑیاں رجسٹرڈ کردی جاتی ہے، پانی کے نام پر پاکستانیوں کو لوٹا جارہا ہے ہمارا اپنا پانی ہمیں ہی فروخت کیا جارہا ہیں۔


جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ یہاں کے لوگ اربوں ڈالر باہر بھیج رہے ہیں لیکن ان سے کوئی کچھ نہیں پوچھتا، عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اب وکلاء کو کھڑا ہونا ہوگا جس کے لیے جوڈیشری کی جدوجہد بہت ضروری ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہماری پہلی اور آخری محبت پاکستان ہے ہمیں اپنے ملک سے مخلص رہنا ہے، ہمیں پاکستان کو بچانے کے لیے جنگ لڑنی ہوگی، پاکستان کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کریں گے، پاکستان ہمیں تحفے میں نہیں ملا اس کے پیچھے بڑی جدوجہد ہے، پاکستان ایک نظریئے کا نام ہے، ہمارا مال و جان، دوستی و محبت سارے رشتے پاکستان کے وجود سے ہیں۔

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ مقدمات کے فیصلوں میں تاخیر ایک بڑا مسئلہ ہے جسے تیز کرنا پڑے گا، اگر مقدمات کے فیصلے جلد نہ کیے تو لوگوں کا ہم پر سے اعتبار ختم ہوجائے گا۔ کشمیر کے معاملے پر چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستانی کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
Load Next Story