تیونس میں خاتون خود کش بمبار کے حملے میں پولیس اہلکار ہلاک

تیونس میں 2015ء میں بھی پولیس بس پر خودکش دھماکا کیا گیا تھا جس کے بعد سے تاحال ملک میں ایمرجنسی نافذ ہے

خاتون خود کش حملہ آور نے دھماکا اس وقت کیا جب ایک پولیس وین اس کے نزدیک سے گزر رہی تھی(فوٹو : فائل)

تیونس میں پولیس وین پر خاتون خود کش بمبار نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق تیونس کے دارالحکومت میں خاتون خود کش بمبار نے پولیس وین کے نزدیک خود کو دھماکے سے اُڑالیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون خود کش حملہ آور نے اس وقت دھماکا کیا جب ایک پولیس وین اس کے نزدیک سے گزر رہی تھی۔ خاتون نے خود کش جیکٹ زیب تن کی ہوئی تھی اور سڑک کنارے پولیس وین کا انتظار کر رہی تھی۔


دھماکے کے بعد افراتفری مچ گئی اور ٹریفک جام ہوگیا، بھگڈر کے باعث متعدد افراد زخمی ہوگئے، ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والے پولیس اہل کاروں کو اسپتال منتقل کیا۔

پولیس افسر کا کہنا ہے کہ خود کش حملہ آور کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ ڈی این اے میچنگ کے لیے نمونے فرانزک لیب بھیجے گئے ہیں۔

تیونس میں جنگجوؤں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے باعث امن و امان کی حالت نہایت مخدوش ہے، نومبر 2015ء میں پولیس بس پر خود کش حملہ کیا گیا تھا اور اسی واقعے کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔
Load Next Story