پیپلزپارٹی كا جی ایس ٹی اورپیٹرولیم مصنوعات كی قیمتوں میں اضافے پرسینیٹ سے واک آؤٹ

ایف بی آر كا جب دل چاہتا ہے كوئی نوٹی فكیشن جاری كر دیتا ہے اور جب دل چاہتا ہے واپس لے لیتا ہے، سینیٹر رضا ربانی

حکومت عام آدمی کو سزا نہ دے بلکہ غیر رجسٹرڈ پیٹرول پمپوں کے خلاف کارروائی کرے، چیئرمین سینیٹ نئیر بخاری فوٹو: فائل

سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے ارکان نے جی ایس ٹی كی شرح اور پیٹرولیم مصنوعات كی قیمتوں میں اضافے كے خلاف ایوان سے واک آؤٹ كیا۔

سینیٹ کا اجلاس چیئرمین نئیر بخاری کی زیر صدارت ہوا جس میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے نكتہ اعتراض پر كہا كہ ملک میں عجیب صورتحال پیدا ہوگئی ہے، ایف بی آر كا جب دل چاہتا ہے كوئی نوٹی فكیشن جاری كر دیتا ہے اور جب دل چاہتا ہے واپس لے لیتا ہے۔ انہوں نے كہا كہ جی ایس ٹی كا مسئلہ ابھی ختم نہیں ہوا تھا كہ گزشتہ روز نیا معاملہ سامنے آگیا كہ ایک ہفتے کے دوران پیٹرول كی قیمت دوسری بار بڑھادی گئی۔


پیپلز پارٹی کےسینیٹر سعید غنی نے نكتہ اعتراض پر كہا كہ ایف بی آر نے غیر رجسٹرڈ پیٹرول پمپوں پر 2 فیصد اضافی جی ایس ٹی لگایا ہے تو اس كی سزا عوام كو تو نہیں ملنی چاہئے۔ قائد ایوان راجا ظفر الحق نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا معاملہ عدالت میں ہے اور عدالت جو بھی حکم دے گی اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

چیئرمین سینیٹ نئیر بخاری نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ حکومت عام آدمی کو سزا نہ دے بلکہ غیر رجسٹرڈ پیٹرول پمپوں کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) كے سینیٹر مشاہد اللہ خان كو ہدایت كی كہ وہ اپوزیشن اركان كو منا كر واپس لے آئیں جس پر وہ اپوزیشن كو منا کرایوان میں واپس لے آئے۔
Load Next Story