حضرت امام حسینؓ شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا

ذوالجناح و تعزیے کے جلوس برآمد،روٹس پر موبائل فون سروس معطل،سیکیورٹی الرٹ رہی

لاہور میں مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر 15 ہزار اہلکار مامور،پولیس حکام روٹ پر موجود رہے۔ فوٹو: ایکسپریس

نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم گزشتہ روز مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔

لاہور اندرون شہر نثار حویلی سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا رات گئے کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا، پولیس کی جانب سے چہلم حضرت امام حسینؓ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، لاہور پولیس کی طرف سے 15ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کیلیے تعینات کیا گیا تھا۔


سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید، ڈی آئی جی آپریشن لاہور وقاص نذیر سمیت ایس پیز خود روٹ پر موجود رہے اور ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں کو بریف کرتے رہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوس اور عرس کی نگرانی کی جاتی رہی، جلوس کے راستے پر بلند عمارتوں پر سنائپر تعینات تھے جبکہ سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی پر مامور تھے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بھی معطل رہی جبکہ ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلیے جلوس کے راستے پر 170سے زائد کیمرے نصب کیے گئے اور جلوس کیساتھ کیمرے والی پولیس موبائلیں بھی موجود رہیں۔

 
Load Next Story