صومالیہ اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر دھماکا اور فائرنگ 15افراد ہلاک

حملے کی ذمہ داری القاعدہ کے گروپ الشباب نے قبول کر لی۔

حملہ آوروں نے پہلے اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر گاڑی میں بم دھماکا کیا جس کے بعد وہ دفتر کے کمپاؤنڈ میں داخل ہو گئے۔ فوٹو: رائٹرز

صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں قائم اقوام متحدہ کے دفتر پر بم حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے۔

صومالیہ کے وزیر داخلہ ابدی کریم حسین نے کہا کہ حملے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں اقوام متحدہ کے سیکیورٹی عملے میں شامل 4 غیر ملکی اور 4 مقامی سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے جب کہ7 شدت پسند بھی مارے گئے۔ مرنے والے غیر ملکی سیکیورٹی اہلکاروں میں سے 2 جنوبی افریقہ کی ہتھیار بنانے والی کمپنی کے ملازم تھے۔


حملہ آوروں نے پہلے اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر گاڑی میں بم دھماکا کیا جس کے بعد وہ دفتر کے کمپاؤنڈ میں داخل ہو گئے اور فائرنگ شروع کر دی، حملے کے بعد صومالی فوج اور افریقی یونین فورسز کے اہلکار بھی کمپاؤنڈ میں داخل ہوگئے اور ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے کے بعد شدت پسندوں کو ہلاک کر کے واپس دفتر کا کنٹرول سنبھال لیا۔

حملے کی ذمہ داری القاعدہ کے گروپ الشباب نے قبول کر لی، الشباب گروپ صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو پر 2 سال سے زائد عرصے سے قابض تھا لیکن اگست 2011 میں حکومت کی فوجیوں کی مزاحمت کے بعد بیشتر علاقوں سے اس کا کنٹرول ختم کر دیا گیا جس کے بعد سے یہ گروپ صومالیہ میں مختلف شدت پسندی کی کارروائیاں کرتا رہتا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story