سی اسپارک 2018 پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں لائیو میزائل فائرنگ کا مظاہرہ

پی این ایس شمشیراور پی این ایس شاہجہاں سے داغے گئے بحری جہازشکن میزائلوں نے اپنے اہداف کو100 فیصد درستی سے نشانہ بنایا

پاک بحریہ ناقابل تسخیر فورس میں ڈھل چکی ہے، جنرل زبیرمحمود حیات۔ فوٹو: آئی این پی

پاک بحریہ کی سب سے بڑی مشق سی اسپارک 2018 کے دوران پاک بحریہ کے تباہ کن جہازوں نے شمالی بحیرہ عرب میں لائیو میزائل فائرنگ کا مظاہرہ کیا۔

پاک بحریہ کی سب سے بڑی مشق سی اسپارک 2018 کے انعقاد کا مقصد پر خطر جنگی ماحول میں پاک بحریہ کی حربی حکمت عملی اور منصوبہ بندی کو جانچنا ہے، اس مشق میں پاک آرمی اور پاک فضائیہ کے معاون جنگی اثاثہ جات نے بھی حصہ لیا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مابین مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں میں قابل قدر اضافے کی تعریف کی۔ میزائل فائرنگ کے دوران پی این ایس شمشیراور پی این ایس شاہجہاں سے بحری جہازشکن میزائل داغے گئے۔ سمندر میں میزائل فائرنگ کایہ مظاہرہ انتہائی کامیاب رہا اور دونوں میزائلوں نے اپنے اپنے اہداف کو 100 فیصد درستی سے نشانہ بنایا جو پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں پر مہر تصدیق ہے۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے کہاکہ پاک بحریہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے تحفظ اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کیلیے مکمل طور پر تیار ہے۔ پاک بحریہ کے چار جہتی جنگی بیڑے کی جنگی تیاریاں عروج پر ہیںاور یہ مختلف النوع قسم کے جنگی خطرات سے نمٹنے کیلیے ہمہ وقت تیار ہے۔


نیول چیف نے کہاکہ کامیاب میزائل فائرنگ دفاع پاکستان کی ذمے داریوں کو بھرپور طریقے سے نبھا نے کے سلسلے میں ہمارے عزم کی عکاس ہے۔ قومی مقاصد کے حصول اور خطے اور عالمی پانیوں میں امن کے قیام اور بین الاقوامی ذمے داریوں سے عہدہ برآ ہونے کے لیے پاک بحریہ نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کا اقدام بھی کیا ہے۔

بعدازاں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹس اور نیول ایئرآرم کے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی دیکھا۔ مہمان خصوصی نے پاک بحریہ کے جنگی بیڑے کی تیاریوں کو سراہا اور قومی فریضے کی ادائیگی کی راہ میں پاک بحریہ کے افسران اورجوانوں کے جذبے اور عزم کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ خطے اور عالمی پانیوں میں قومی میری ٹائم مفادات کی حفاظت کے لیے پاک بحریہ ایک مضبوط اور ناقابل تسخیر بحری فورس میں ڈھل چکی ہے۔

پاک بحریہ میں حال ہی میں شامل ہونے والے جنگی جہاز پی این ایس معاون پر موجود چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے فائرنگ کے اس شاندار مظاہرے کو دیکھا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران اس موقع پر موجود تھے۔

 
Load Next Story