مقتول شہود کی عیدالاضحی اور بہن کی عیدالفطر کے بعد شادی تھی

دہشت گردوں نے مقتول کا سر کھارادر میں جبکہ باقی دھڑ ڈاکس تھانے کے...

مقتول شہود کے اہل خانہ نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔ فوٹو: فائل

کھارادر میں ہلاک کیے جانے والے نوجوان کی بہن کی عید کے بعد جبکہ اس کی اپنی عیدالاضحیٰ کے بعد شادی تھی، دہشت گردوں نے مقتول کا سر کھارادر میں جبکہ باقی دھڑ ڈاکس تھانے کے قریب پھینکا، مقتول کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت قاتلوں کو گرفتار کرے۔


تفصیلات کے مطابق16اگست کو کھارادر کے علاقے کاغذی بازار سے ایک انسانی سر ملا جبکہ کچھ دیر بعد ڈاکس کے علاقے میں سے دھڑ ملا، مقتول کی شناخت شہود احمد دانش ولد گلزار احمد کے نام سے کی گئی، مقتول لیاقت آباد بلاک3کا رہائشی تھا، مقتول کی عیدالاضحیٰ کے بعد شادی ہونا تھی جبکہ عیدالفطر کے بعد مقتول کی بہن درخشاں کی شادی طے تھی۔

مقتول کی رہائش گاہ پر والدہ اور دیگر رشتے دار خواتین نے ایکسپریس کو بتایا کہ دانش گھر سے اپنی دکان واقع کھوڑی گارڈن گیا تھا، افطار کے بعد ایک پولیس افسر کا فون آیا کہ ایک لاش ملی ہے جس پر وہ تھانے پہنچے جہاں لاش کو شناخت کرلیا، مقتول کی رشتے دار خواتین نے بتایا کہ مقتول گھر کا کفیل تھا، انھوں نے مزید بتایا کہ مقتول کے جسم پر ڈرل سے سوراخ کیے گئے، مقتول کے اہل خانہ نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ قاتلوں کو گرفتار کیا جائے ، مقتول کو بعد نماز جمعہ لیاقت آباد کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
Load Next Story