پی ٹی وی نے وزیر اعظم کے چین سے براہ راست خطاب کے دوران اپنی غلطی پر معذرت کرلی

یہ حادثہ افسوس ناک ہے اور متعلقہ افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کی جا چکی ہے، پی ٹی وی

دوران خطاب پی ٹی وی نے اسکرین پر چینی دارالحکومت کو ’’بیجنگ‘‘ کے بجائے Begging ’’لکھ دیا (فوٹو : اسکرین گریب)

پاکستان ٹیلی ویژن نے وزیر اعظم عمران خان کی تقریر کے دوران اسکرین پر ''بیجنگ'' کے بجائے لفظ ''بیگنگ'' لکھنے کی غلطی پر معذرت کرلی۔

وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر چین میں ہیں جہاں انہوں نے دارالحکومت ''بیجنگ'' میں سینٹرل پارٹی اسکول کی ایک تقریب سے خطاب کیا جسے پاکستان ٹیلی ویژن ''پی ٹی وی'' نے براہ راست نشر کیا۔

وزیراعظم کے خطاب کے دوران پی ٹی وی نے اسکرین پر چین کے دارالحکومت کو انگریزی میں Beijing ''بیجنگ'' کے بجائے غلطی سے Begging ''بیگنگ'' لکھ دیا جس کے معنی ''بھیک مانگنے'' کے ہیں۔


پی ٹی وی کی اسکرین پر ''بیگنگ'' کا لفط محض 20 سیکنڈ تک ہی رہا اور اسے درست کرلیا گیا لیکن سوشل میڈیا سائٹس پر سرکاری ٹی وی کی اس غلطی پر شدید تنقید کی گئی، اس غلطی کے اسکرین شاٹس لے کر اسے سوشل میڈیا پر شیئر کرایا گیا اور مذاق بھی اُڑایا گیا جب کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر''Begging#'' ٹاپ ٹرینڈ بھی رہا۔



بعد ازاں پاکستان ٹیلی ویژن نے ٹوئٹر پر اپنے وضاحتی بیان میں معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی براہ راست تقریر کے دوران اسکرین پر ایک ٹائپنگ غلطی ہوئی اور وہ 20 سیکنڈ تک ہی رہی جسے بعد میں ہٹا دیا گیا، یہ غلطی افسوس ناک ہے اور متعلقہ افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کی جاچکی ہے۔
Load Next Story