اقبال حسن نے ’’شیرخان‘‘ کے ٹائٹل رول کو یادگار بنادیا

1965ء میں کیرئیر کا آغاز فلم ’’پنجاب دا شیر‘‘ سے کیا، 300 فلموں میں پرفارم کیا

1965ء میں کیرئیر کا آغاز فلم ’’پنجاب دا شیر‘‘ سے کیا، 300 فلموں میں پرفارم کیا۔ فوٹو: فائل

KABUL:
پاکستان کی فلمی تاریخ میں یوں تو پنجابی فلموں کے ٹائٹل کرداروں میں بہت سے فنکاروں نے نام پیدا کیاہے لیکن جو مقام فلم مولاجٹ میں سلطان راہی کے بعد فلم ''شیر خان'' میں اقبال حسن کو ملا۔

اس کی مثال ملنا ذرا مشکل ہو گی،اقبال حسن نے ''شیرخان'' کے ٹائٹل رول کو یادگار بنادیا ۔ بہت کم لوگ جانتے ہونگے ''شیر خان'' کا ٹائٹل رول سب سے پہلے اردو فلموں کے لیجنڈ اداکار محمد علی کو پیش کیا گیا تھا لیکن اس وقت انھوں نے ایک پنجابی فلم میں کام کرنا اپنی توہین سمجھا تھا جس پر بعد میں وہ بہت پچھتائے ہونگے کیونکہ اردو فلموں کے زوال کے بعد انھیں درجن بھر پنجابی فلموں میں ایسے کردار دار کرنا پڑے تھے۔

عیدالفطر 12 اگست 1981ء کو ریلیز ہونے والی سپرہٹ فلم شیرخان کے مرکزی کردار نے ایکشن پنجابی فلموں کے دور میں اقبال حسن کو سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی کے بعد تیسرا کامیاب ترین فلمی اداکار بنا دیا تھا اور فلموں کی کہانیاں انھی تینوں کرداروں کو سامنے رکھ کر لکھی جاتی تھیں۔




اقبال حسن پنجاب کے ایک روایتی گھبرو اور دیہاتی جوان کی طرح ہمیشہ یاد رکھے جائینگے جو ایک بڑے کارآمد اور مفید اداکار تھے۔سب سے پہلے 1965ء میں ریلیز ہونے والی فلم ''پنجاب دا شیر'' میں فلم کے ولن مظہر شاہ کے چمچوں میں ایک ایکسٹرا اداکار کے طور پر نظر آئے تھے۔ یہی صورتحال دوسال بعد ریلیز ہونے والی مشہور زمانہ نغماتی فلم ''دل دا جانی'' میں بھی دیکھنے کو ملی لیکن اس فلم کے عین وسط میں مرکزی ولن کے مرکزی چمچے کے غائب ہونے کی وجہ صرف اور صرف یہ تھی کہ اسی فلم کا ہدایتکار ریاض احمد راجو اقبال حسن کو اپنی اگلی فلم سسی پنوں میں نغمہ اور عالیہ کے ساتھ ہیرو کاسٹ کرچکا تھا اور ظاہر ہے کہ جب ایک اداکار ہیرو بن جائے تو پھروہ ایکسٹرا کردار تو نہیں کرسکتا تھا۔

اقبال حسن نے تقریبا بیس سالہ فلمی کیرئیر میں تین سو کے قریب فلموں میں اداکاری کی تھی جن میں پچاس کے قریب فلموں میں سولو ہیرو کے طور پر نظرآئے تھے، وہ علاؤ الدین کے بعد دوسرے فنکار تھے جنھیں صحیح معنوں میں آل راؤنڈر کہا جاسکتا ہے۔ 14 نومبر 1984ء کے دن فلم ''جورا'' کی شوٹنگ سے واپسی پر ایک کار ایکسیڈنٹ میں ہلاک ہوگئے تھے۔ اقبال حسن کے انتقال کے بعد ان کے بھائی تنظیم حسن کو متبادل کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی جو کامیاب نہیں ہوسکی تھی۔
Load Next Story