شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 10 نومبر تک توسیع

کمرہ عدالت میں شہباز شریف سے نواز شریف نے بھی ملاقات کی

راہداری ریمانڈ کے دوران بھی تفتیشی افسر پوچھ گچھ کرتے رہے ہیں، شہباز شریف فوٹو: فائل

احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 10 نومبر تک توسیع کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیب نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو راہداری ریمانڈ میں توسیع کے لیے اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا۔

نیب کی جانب سے شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 11 نومبر تک توسیع کی استدعا کی گئی جب کہ شہباز شریف نے استدعا کی قومی اسمبلی کا اجلاس 9 نومبر تک ہوگا، اس لئے میرا راہداری ریمانڈ 10 نومبر تک دیا جائے۔

شہباز شریف نے فاضل جج سے شکوہ کیا کہ ابھی تک مجھے نہیں بتایا گیا کہ کرپشن کہاں ہوئی ہے۔ راہداری ریمانڈ کے دوران بھی تفتیشی افسر پوچھ گچھ کرتے رہے ہیں، عدالتی آرڈر میں بھی یہ بات لکھی جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 10 نومبر تک توسیع کردی۔


نواز شہباز ملاقات

شہبازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے دوران نواز شریف بھی نیب ریفرنس کی سماعت کی وجہ سے جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھے، نواز شریف کمرہ عدالت میں آئے اور شہباز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کرنے کے علاوہ زیر سماعت مقدمات سے متعلق گفتگو بھی کی۔

کمرہ عدالت میں دعائے مغفرت

کمرہ عدالت میں سابق وزیر مملکت عابد شیر علی بھی موجود تھے، شہباز شریف نے ان سے والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے دعائے مغفرت کی۔
Load Next Story