تحریک لبیک پر پابندی زیر غور نہیں وفاقی وزیر مذہبی امور

احتجاج ختم کرنے کے لئے جو معاہدہ ہوا اس پر من و عن عمل کیا جائے گا، نور الحق قادری

مولانا سمیع الحق کی شہادت پر بہت افسوس ہے،نور الحق قادری فوٹو: فائل

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک پر پابندی لگانے کا نہیں سوچا جارہا تاہم کسی بھی تنظیم کا بیانیہ یا ارادے قومی بیانیہ اور پالیسی کے خلاف ہوں اس پر پابندی لگائی جائے گی۔

پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، کبھی مارتی ہے تو کبی پیار کرتی ہے، ریاست میں کوئی جیتنے والا اور ہارنے والا نہیں ہوتا، امن کے لئے جہاں مذاکرات اور جہاں کارروائی کرنی پڑی حکومت کرے گی۔


وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ احتجاج ختم کرنے کے لئے جو معاہدہ ہوا اس پر من و عن عمل کیا جائے گا۔ آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے قانونی چارہ جوئی کا وعدہ کیا ہے، اس کے لیے قانونی طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا۔

پیر نور الحق قادری نے کہا کہ شرپسندوں نے احتجاج کے دوران املاک کو نقصان پہنچایا، غیر مناسب رویہ اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ حالیہ تشدد کے تناظر میں کسی تنظیم پر پابندی زیرغور نہیں، مستقبل میں ایسے واقعات روکنے کیلئے طویل مدتی پالیسی بنائی جائے گی۔ دینی، مذہبی، سیاسی اور اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل بیٹھ کر لائحہ عمل بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت پر بہت افسوس ہے، ان کی شہادت کا واقعہ بہت بڑا سانحہ اور بڑی سازش کا حصہ ہے۔ وزیر اعظم نے چین سے وزارت داخلہ کو تحقیقات اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔
Load Next Story