ساجد قریشی اور ان کے بیٹے کے قاتلوں کو بے نقاب کیا جائے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کا مطالبہ

واقعہ شہر کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے،حکومت دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائے، نثار کھوڑو، معراج الہدیٰ، تاج حیدر

غوث علی شاہ، نادر لغاری،شاہی سید، عمران اسماعیل، امتیاز شیخ،عون نقوی، زبیر خان، عباس کمیلی، جلال شاہ ودیگر کا اظہار تعزیت ۔ فوٹو : فائل

مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی اور ان کے جواں سال بیٹے کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شہر کا امن تباہ کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر تعلیم نثار کھوڑو نے ساجد قریشی کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی اے ساجد قریشی کا قتل کراچی کے حالات خراب کرنے کی سازش ہے، سیاسی جماعتیں متحد ہوکر اس سازش کو ناکام بنائیں، پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سندھ کے وزیر جیل خانہ جات منظور وسان، وزیر قانون ڈاکٹر سکندر میندھرو، سابق سینئر وزیر پیر مظہر الحق، تاج حیدر، نجمی عالم، لطیف مغل، رکن سندھ اسمبلی بیرسٹر مجیب الحق سمیت دیگر نے ایم پی اے ساجد قریشی کے قتل کی شدید مذمت کی ہے، دوسری جانب (ن) لیگ سندھ کے صدر سید غوث علی شاہ، سلیم ضیا، علی اکبر گجر، جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، محمد حسین محنتی، اے این پی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید، بشیر جان، تحریک انصاف سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری، زبیر خان، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اسلم غوری اوردیگر نے بھی ساجد قریشی کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین مذمت کی ہے۔




فنکشنل لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری امتیاز احمد شیخ نے ساجد قریشی اور ان کے بیٹے کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت عوام اور منتخب نمائندوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی، مولانا محمد عون نقوی، علامہ عباس کمیلی، مرزا یوسف حسین اور علامہ محمد امین شہیدی نے ایم کیو ایم کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے فرزند کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمران اسماعیل نے ساجد قریشی اور ان کے صاحبزادے سمیت دیگر افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کراچی کے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کریں۔

سندھ یونائیٹیڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ نے ساجد قریشی، ان کے بیٹے وقاص قریشی اور کراچی میں روزانہ معصوم اور بیگناہ شہریوں، اساتذہ اور سیاسی کارکنوں کے قتل اور پشاور میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں نمازیوں کے قتل کی شدید لفظوں میں مذمت کرتے ہوئے غم و غصے کا اظہار کیا ہے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی اور ملک کے دیگر حساس شہروں میں امن امان کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، سیا سی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ساجد قریشی اور ان کے بیٹے کے قتل کی فوری تحقیقات کرائی جائیں اور قتل میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے، پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے متحدہ قومی موومنٹ کے ممبرصوبائی اسمبلی ساجد قریشی اوران کے صاحبزادے کے قتل کی شدید مذمت کی ہے، انھوں نے کہا کہ قاتلوں کوفوری گرفتارکرکے کیفرکردارتک پہنچایا جائے۔
Load Next Story