نیب کو دھمکی دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا راجہ جاوید اشرف

سیاسی مخالفین نے پرانی تقریر کو ایشو بنا کر مجھے بدنام کرنے کی کوشش کی ہے، راجہ جاوید اشرف

تمام اداروں کا احترام کرتے تھے، کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، راجہ جاوید اشرف۔ فوٹو: فائل

سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے بھائی راجہ جاوید اشرف نے کہا کہ سیاسی مخالفین نے میری ایک تقریر کو سوشل میڈیا پر اچھالا ہے، میں نیب کودھمکی دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راجہ جاوید اشرف نے نیب کو دی جانے والی دھمکی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نیب سمیت تمام اداروں کا احترام کرتے تھے کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، میرے بھائی کا عدالتوں میں پیش ہونا ملکی اداروں کا احترام اور ان کی عزت کا ثبوت ہے، اب بھی کوئی ادارہ سابق وزیراعظم کو کسی معاملے میں طلب کرتا ہے تو وہ وہاں پیش ہوتے ہیں۔


راجہ جاوید اشرف نے کہا کہ سیاسی مخالفین نے میری ایک پرانی تقریر کو ایشو بنا کر مجھے بدنام کرنے کی کوشش کی ہے، میری تردید کے باوجود مخالفین نے تقریر کو سوشل میڈیا پر اچھالا، حقیقت تو یہ ہے کہ نیب کو کسی قسم کی کوئی دھمکی دی نہ دھمکی کا سوچ سکتا ہوں۔

واضح رہے کہ راجہ جاوید اشرف نے ایک تقریر میں نیب کے خلاف دھمکی آمیز الفاظ استعمال کئے تھے جس پر چیئرمین نیب جاوید اقبال نے راجا جاوید اشرف کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔
Load Next Story