پی ٹی آئی دور حکومت سے قبل ملک پسماندگی کا شکار تھا ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی
ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل نے شیرانی کے پہلے دورے کے موقع پر علاقے کے قبائلی معتبرین، ضلعی انتظامیہ اور پارٹی کار کنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا حلقہ انتخاب ضلع شیرانی اور ضلع موسیٰ خیل دونوں پسماندہ علاقے ہیں، انتخابات سے قبل اس علاقے کے عوام سے کیے گئے وعدوں کو ہر صورت وفا کریں گے، جس منصب پر بیٹھا ہوں وہ شیرانی و موسیٰ خیل کے عوام کی بدولت ملا ہے اللہ نے مجھے موقع دیا ہے انشاءاللہ عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے مذکورہ اضلاع کے مسائل کو صوبائی اسمبلی سمیت وفاق میں اجاگر کرونگا۔
ڈپٹی اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل شیرانی نے دورہ کے موقع پر مرکزی شاہراہ کے خستہ حال ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خستہ حال سڑک آمد و رفت کے قابل نہیں، مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے موسیٰ خیل کے عوام کا جتنا مجھ پر حق ہے اتنا ہی شیرانی کا بھی ہے، گزشتہ ادوار میں علاقے کی تعمیر و ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کے باعث آج شیرانی میں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کے شیرانی کو گزشتہ چھ برس سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جسے ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا جائے گا عوام کو تمام تر مسائل سے نجات دلا کر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، پی ٹی آئی کے دور حکومت سے قبل ملک پسماندگی کا شکار تھا لیکن اب ہم بلا تفریق عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔