بھارت میں بارشوں اورسیلاب سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 575 سے تجاوزکرگئی

محکمہ موسمیات کی جانب سے اتر اکھنڈ میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد امدادی کاررروائیاں تیز کردی گئی ہیں

بھارتی حکومت نے مون سون بارشوں سے ہونے والی تباہی کے پیش نظر اسے قومی بحران قرار دے دیا ہے۔ فوٹو: رائٹرز

بھارت کی مختلف ریاستوں میں مون سون بارشوں،سیلابی ریلوں اور مٹی کے تودے گرنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 575 سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ہزاروں افراد اب بھی محصور ہیں ۔


بھارتی میڈیا کے مطابق اتر اکھنڈ، ہماچل پردیش، اتر پردیش، ہریانہ اور دہلی میں گزشتہ ہفتے سے جاری بارشوں نے تباہی پھیلا رکھی ہے، سب سے زیادہ نقصان اتر اکھنڈ کے ضلع کیدار ناتھ، ہری دوار اور گوری كنڈ میں ہوا جہاں ہندوؤں کے کئی مقدس مقامات ہیں،اب تک 575 افراد کی لاشیں مل چکی ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان علاقوں میں پانی کی سطح کم ہونے کے ساتھ مزید لاشیں بھی ملیں گی جن کی تعداد سیکڑوں بھی ہوسکتی ہیں، پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث بارش کے پانی نے کئی راستوں کو کاٹ دیا ہے،کئی رابطہ پل، سڑکیں اور شاہراہیں بند ہیں جس کے باعث ہزاروں لوگ ایک ہفتے سے مندروں اور پہاڑوں پر محصور ہوکر رہ گئے ہیں اور غذائی قلت نے بھی صورت حال کو مزید سنگین بنادیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے اتر اکھنڈ میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد امدادی کارراوئیاں تیز کردی گئی ہیں، سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ پہاڑوں اور مندروں میں پھنسے 35 ہزار افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے تاہم اب بھی کم و بیش 30 ہزار افراد وہاں موجود ہیں۔ بھارتی حکومت نے مون سون بارشوں سے ہونے والی تباہی کے پیش نظر اسے قومی بحران قرار دے دیا ہے۔
Load Next Story