اجناس کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے نمایاں کمی

خام تیل 105.93 سے 100.19 ڈالر بیرل، سونا 1391 سے گھٹ کر1295 ڈالر اونس ہوگیا

چاندی، پلاٹینم، پلاڈیم، تانبے، الومینیم، لیڈ، ٹین، کلئی، جست اورچینی کے نرخ بھی گھٹ گئے۔ فوٹو: عیسیٰ ملک/فائل

امریکی بینکاری ریگولیٹر فیڈرل ریزور کی جانب سے اربوں ڈالر کے معاشی بحالی پیکیج کو ختم کیے جانے کے خدشات پر گزشتہ ہفتے اجناس کی عالمی قیمتوں میں کمی ہوئی، خام تیل کی مارکیٹس میں منفی رجحان دیکھا گیا۔

صرف جمعرات کو برینٹ 4 ڈالر اور لائٹ سوئٹ 2.84 ڈالر فی بیرل سستا ہوگیا، جمعہ کو مزید قیمتیں گریں، مجموعی طور پر ایک ہفتے میں لندن کی انٹرکانٹینینٹل ایکسچینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی اگست میں سپلائی کے لیے قیمت 105.93 ڈالر سے کم ہوکر 100.19ڈالر فی بیرل پر آگئی جبکہ نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں ویسٹ ٹیکسٹاس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیوٹی آئی) یا لائٹ سوئٹ خام تیل کی قیمت 97.63 ڈالر سے گھٹ کر 93.24 ڈالر فی بیرل پرآگئی۔ دنیا بھر کموڈیٹی مارکیٹس میں فروخت کے سب سے زیادہ نمایاں اثرات سونے اور چاندی پر دکھائی دیے، جمعہ کو ایک موقع پر سونے کی قیمت 1269.45 ڈالر فی اونس پر آگئی جو وسط ستمبر2010 کے بعد سے کم ترین سطح ہے، ایک ہفتے کے دوران لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1391.25 ڈالر سے گھٹ کر 1295.25ڈالر فی اونس پر آگئی جبکہ چاندی کے نرخ 21.69 ڈالر سے گھٹ کر 19.87ڈالر فی اونس پربند ہوئے۔




لندن پلاٹینم و پلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 1448 سے نیچے آکر 1395 ڈالر فی اونس پر بند ہوئی جبکہ پلاڈیم 728 ڈالر سے گھٹ کر 672 ڈالر فی اونس ہوگیا۔ بنیادی یا صنعتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی گزشتہ ہفتے کمی ہوئی، لندن میٹل ایکسچینج میں تانبے کی قیمت 7089 ڈالر سے گھٹ کر 6810 ڈالر فی ٹن، الومینیم کی قیمت 1858 ڈالر سے کم ہو کر 1795 ڈالر فی ٹن، لیڈ کی قیمت 2110 سے گھٹ کر2026ڈالر فی ٹن، ٹین کی قیمت 20240 سے 19605 ڈالر، کلئی کی 14318 سے13835 ڈالر اور جست کی 1858 ڈالر سے کم ہوکر 1849 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔

گزشتہ ہفتے خام چینی کی قیمت 16.59 سینٹ سے بڑھ کر 16.77 سینٹ فی پاؤنڈ اور سفید چینی کی قیمت 474.3 ڈالر سے گھٹ کر 474.1 ڈالر فی ٹن ہوگئی، گزشتہ ہفتے مکئی اور گندم کی عالمی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔
Load Next Story