سول اسپتال شعبہ حادثات میں آتشزدگی مریضوں اور عملے میں خوف

سول اسپتال کی انتظامیہ کی عدم دلچسپی اوربجلی کے بوسیدہ نظام کی وجہ سے آئے دن شارٹ سرکٹ کے واقعات ہوتے رہتے ہیں

سول اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد مریضوں کو دوسرے وارڈ میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

سول اسپتال کے شعبہ حادثات میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

شعبہ حادثات میں لگنے والی آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے، اسپتال کے شعبہ حادثات میں اس سے قبل بھی متعددبارآگ بھڑک چکی ہے لیکن اسپتال انتظامیہ کی عدم دلچسپی اوربجلی کے بوسیدہ اورناکارہ نظام کی وجہ سے آئے دن شارٹ سرکٹ کا واقعہ رونما ہوتا رہتا ہے، ہفتہ کو سول اسپتال کے شعبہ حادثات میں لگنی والی آگ کی وجہ سے ایمرجنسی آپریشن تھیٹر کی بجلی بھی منقطع ہوگئی تھی تاہم خوش قسمتی سے ایمرجنسی آپریشن تھیٹرمیں کوئی مریض موجود نہیں تھا، شعبہ حادثات میں لگنے والی آگ کی وجہ سے مریضوں اور ان کے تیمار داروں میں شدیدخوف واہرس پھیل گیا تھا، تیمارداروں نے اپنی مددآپ کے تحت مریضوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔




واقعے کی اطلاع اسپتال انتظامیہ کودیدی گئی تھی تاہم تھوڑی دیر بعد انتظامی افسرنے متاثرہ جگہ کا معائنہ کیا، شعبہ حادثات میں آگ لگنے سے اسپتال میں کئی گھنٹے بجلی منقطع رہی جس کی وجہ سے مریضوں کوانتہائی مشکلات کاسامنا کرنا پڑا، واضح رہے کہ شعبہ حادثات میں متعدد بار آگ بھڑک چکی ہے لیکن اسپتال انتظامیہ اس کا سنجیدگی سے نوٹس نہیں لیتی جس سے مریضوں کی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہوتے ہیں جبکہ اسپتال میں آگ لگنے کی صور ت میں فوری طور پر آگ بجھانے کے لیے عملہ اور مناسب سامان بھی موجود نہیں ہے،اسپتال کے الیکٹرک کے نظام کو فوری طور پر درست کرنے کی ضرور ت ہے۔
Load Next Story