نجم سیٹھی پی سی بی کے قائم مقام چیرمین مقرر نوٹیفکیشن جاری

نجم سیٹھی کو پی سی بی کا عبوری چیرمین مقرر کرنے کافیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں کیا گیا۔

نجم سیٹھی کو پی سی بی کا عبوری چیرمین مقرر کرنے کافیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں کیا گیا۔ فوٹو: ایکسپریس

معروف صحافی اور سابق نگران وزیراعلی پنجاب نجم سیٹھی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا عبوری چیرمین مقرر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نجم سیٹھی کو پی سی بی کا عبوری چیرمین مقرر کرنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں کیا گیا، جسٹس شوکت عزیزصدیقی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بنچ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ریجنل رکن میجر ریٹائرڈ احمد ندیم سڈل کی جانب سے بورڈ کے چیرمین کے انتخاب کے خلاف درخواست پر ذکا اشرف کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکتے ہوئے حکم جاری کیا تھا جب تک کیس کا فیصلہ نہیں ہوجاتا ان کی جگہ عبوری چیرمین کا تقرر کیا جائے۔


وزیر اعظم نواز شریف کو قائم مقام چیرمین پی سی بی کے لئے 3 نام بھجوائے گئے تھے جن میں چشتی مجاہد، ماجد خان اور ممتاز حیدر رضوی کے نام شامل تھے تاہم وزیر اعظم نے اپنا صوابدیدی اختیار استعمال کرتے ہوئے ان تینوں کی جگہ نجم سیٹھی کو قائم مقام چیرمین پی سی بی مقرر کیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ وہ بورڈ میں اپنی ذمہ داروں کو احسن طریقے سے سرانجام دیتے ہوئے مسائل کے حل کی کوشش کریں گے کیونکہ بورڈ میں ان کا کام مسائل کا شفاف حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے لندن بھی جائیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ان کی تقرری پر تنقید کے حوالے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ اسکول اور کالج لیول تک کرکٹ کھیل چکے ہیں اور لوگوں کو کسی بھی صورت میں مایوس نہیں کریں گے۔
Load Next Story