فلسطینی صدرمحمود عباس نے وزیراعظم رامی حمد اللہ کا استعفیٰ منظور کرلیا

صدرمحمودعباس نے نئی حکومت تشکیل پانے تک رامی حمد اللہ کو نگراں وزیراعظم کے طورپرکام کرنے کی ہدایت کی ہے، صدارتی ترجمان

رامی حمداللہ نے سابق وزیر اعظم سلام فیاض کے استعفیٰ دینے کے بعد 2 جون کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ فوٹو: فائل

فلسطین کے صدر محمودعباس نے وزیر اعظم رامی حمد اللہ کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے تاہم نئی حکومت تشکیل پانے تک انہیں نگراں وزیراعظم کے طورپر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق رامی حمد اللہ نے وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے کے 2 ہفتے بعد ہی کابینہ میں اختیارات کے تنازعے پر صدر کو اپنا استعفیٰ بھجوادیا تھا جسے محمود عباس نے وزیر اعظم سے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہونے والی تیسری ملاقات میں قبول کرلیا،خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ رامی حمد اللہ گزشتہ روز صدر سے ہونے والی ملاقات میں اپنا استعفیٰ واپس لینے پر رضا مند ہوگئے تھے تاہم صدر کی جانب سے کابینہ میں نائب وزیر اعظم نہ رکھنے یا نائب وزیراعظم کے ساتھ محدود اختیارات رکھنے پر دباؤ ڈالے جانے کے باعث انہوں نے اپنے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ برقرار رکھا۔


صدارتی ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر محمود عباس نے نئی حکومت تشکیل پانے تک رامی حمد اللہ کو نگراں وزیر اعظم کے طور پر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ رامی حمداللہ نے سابق وزیر اعظم سلام فیاض کے استعفیٰ دینے کے بعد 2 جون کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا اور 6 جون کو ان کی 24 رکنی کابینہ بھی حلف اٹھالیا تھا۔

Recommended Stories

Load Next Story