ورلڈ ہاکی لیگ قومی ٹیم شرکت کیلیے کوالالمپور روانہ

گرین شرٹس 29 جون کو ابتدائی مقابلہ میزبان ملائیشیا کیخلاف کھیلیں گے

ٹیم بہتر نتائج دے گی اور عالمی کپ میں شرکت کا حق مل جائیگا، کپتان۔ فوٹو: فائل

پاکستان کی 18 رکنی قومی ہاکی ٹیم ورلڈ ہاکی لیگ میں شرکت کے لیے اتوار کی شب کراچی سے ملائیشیا کے شہر کوالالمپور روانہ ہوگئی۔

جانے سے قبل گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان محمد عمران نے کہا کہ ایونٹ میں سخت مقابلوں کی توقع ہے،تاہم امید ہے کہ قومی ٹیم بہتر نتائج دے گی اور عالمی کپ میں شرکت کا حق حاصل ہو جائے گا،انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہت بہتری آئی ہے جبکہ ایبٹ آباد اور بعد ازاں کراچی میںقومی تربیتی کیمپ میںچیف کوچ اختر رسول اورکوچ حنیف خان کی زیر نگرانی کھلاڑیوںکی خامیوںکو دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے،ڈیفنس، اٹیک اور گول کیپنگ کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی، انھوں نے کہا کہ فزیکل ٹرینر عدنا ن ذاکر کی جدید تیکنک کی بدولت بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے،ایک سوال پرانھوں نے کہا کہ تجربہ کارفل بیک وسیم کی عدم موجودگی قومی ٹیم کے لیے دھچکے سے کم نہیں لیکن دستیاب کھلاڑیوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے گی۔




قومی کپتان نے کہا کہ سینئر کھلاڑی شکیل عباسی کی واپسی سے ٹیم مضبوط ہو گئی ہے، ورلڈ ہاکی لیگ میں کامیابی کے لیے ملنے والے مواقع سے فائدہ اٹھانا ضروری ہوگا، دریں اثنا چیف کوچ اختر رسول نے کہا کہ پول میں گروپ چیمپئن بننے کے بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، لیکن اگر پاکستان کو ناکامی کا سامنا بھی کرنا پڑ گیا تو ایشیا کپ کا آپشن موجود ہے،29جون سے جوہر بارو میں شروع ہونے والے اس ایونٹ میں پاکستان پول بی میں میزبان ملائیشیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ سے مقابلہ کرے گا جبکہ پول اے میں جرمنی،کوریا،ارجنٹائن اور روس کی ٹیمیں شامل ہیں، افتتاحی میچ میں جرمنی اور ارجنٹائن کی ٹیمٕ مقابل ہوں گی جبکہ اسی دن پاکستان اپنے پہلے میچ میںمیزبان ملائیشیا کے خلاف میدان میں اترے گا۔
Load Next Story