کراچی قائد آباد میں دھماکا دو افراد جاں بحق اور 10 زخمی

دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، پولیس

گورنراوروزیراعلیٰ نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی (فوٹو : اسکرین گریب )

KARACHI:
شہر قائد کے علاقے قائد آباد چوک پر دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے قائد آباد میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق دھماکا قائد آباد چوک پر حامد اسپتال کے سامنے ہوا تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دھماکا سلنڈر کا تھا یا بارودی مواد کا، تعین کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا جب کہ سی ٹی ڈی کی ٹیم جائے وقوع پہنچ گئی۔


دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ ریسکیو اداروں نے زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے ایک شخص نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکا بہت زوردار تھا جس کے نتیجے میں افراتفری پھیل گئی، دھماکے میں میرا بھائی جاں بحق اور میں زخمی ہوگیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل اوروزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
Load Next Story