میں اتنی ہی فلسطینی ہوں جتنی ڈچ بین الاقوامی فیشن ماڈل جی جی حدید

آدھی فلسطینی ہوں اور اپنے آباؤ اجداد کی تہذیب کا خیال ہے، امریکن سپر ماڈل

سپر ماڈل جی جی حدید کے والد محمد حدید مسلمان ہیں اور ان کا تعلق فلسطین سے ہے فوٹوفائل

امریکا کی مقبول ترین فیشن ماڈل جی جی حدید کا کہنا ہے کہ وہ جتنی ڈچ ہیں اتنی ہی فلسطینی ہیں۔

23 سالہ امریکی سپر ماڈل جی جی حدید کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ووگ عریبیہ فیشن میگزین کے مارچ 2017 کے شمارے کے لیے حجاب پہن کر فوٹوشوٹ کروانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایاگیا تھا۔ اس حوالے سے جی جی حدید نے حال ہی میں سڈنی میں ہونے والی ایک تقریب میں خود پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے، لوگوں نے مجھے کہا کہ میں عربی نہیں ہوں اس لیے مجھے عرب خواتین کی نمائندگی نہیں کرنی چاہئے لیکن میں آدھی فلسطینی ہوں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: فلسطینیوں سے ناانصافی پر مشہور امریکی ماڈل رو پڑی




جی جی حدید نے کہا میں اتنی ہی فلسطینی ہوں جتنی کہ ڈچ ہوں، حالانکہ میرے بالوں کا رنگ سنہری ہے لیکن اس کے باوجود مجھے اپنے آباؤ اجداد کی تہذیب کا خیال ہے اور میں اس کی عزت کرتی ہوں۔ جی جی حدید نے دوران تقریب اپنے بوائے فرینڈ زین ملک کے بارے میں کہا زین ملک آدھا پاکستانی ہے اور آدھا انگریز مجھے لگتا ہے جو لوگ دو تہذیبوں سے تعلق رکھتے ہیں دراصل وہ دو دنیاؤں کے لوگ ہوتے ہیں جو دونوں دنیاؤں کے درمیان ایک پُل کا کام کرتے ہیں۔



جی جی حدید خواتین کو خود مختار بنانے والی مہم 'بی مور ہیومن' کی بھی حمایت کرتی ہیں اس حوالے سے انہوں نے تقریب میں کہا کہ اس مہم کو سپورٹ کرنے پر بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

سپر ماڈل جی جی حدید کے والد محمد حدید مسلمان ہیں اور ان کا تعلق فلسطین سے ہے جب کہ ان کی والدہ یولانڈہ حدید ڈچ امریکن ٹی وی شخصیت اور سابق ماڈل ہیں۔ جی جی حدید آدھی فلسطینی ہونے کی وجہ سے فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی رکھتی ہیں۔

واضح رہے کہ جی جی حدید کی بہن بیلا حدید بھی کئی بار فلسطینیوں سے ہمدردی کااظہار کرچکی ہیں گزشتہ برس وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کےاعلان کے بعد فلسطینیوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر روپڑی تھیں۔
Load Next Story