سابق چیف جسٹس کے پلاٹ پر قبضے اور اہل خانہ پر فائرنگ کا مقدمہ درج

ایف آئی آر میں اقدام قتل ،پلاٹ پر قبضہ کرنے، حبس بیجا میں رکھنے کی دفعات شامل

ایف آئی آر میں اقدام قتل ،پلاٹ پر قبضہ کرنے، حبس بیجا میں رکھنے کی دفعات شامل فوٹو:فائل

سابق چیف جسٹس سعید الزماں کے پلاٹ پر قبضے اور اہل خانہ پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

راولپنڈی میں تھانہ مری پولیس نے سابق چیف جسٹس پاکستان سعید الزماں صدیقی کی اہلیہ پر فائرنگ، انہیں حبس بیجا میں رکھنے اور ان کے پلاٹ پر قبضے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق سابق چیف جسٹس کی اہلیہ ڈاکٹر اشرف سعید الزمان کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی جس میں اقدام قتل ،پلاٹ پر قبضہ کرنے، حبس بیجا میں رکھنے، نقصان پہنچانے اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں جب کہ عرفان اللہ کنڈی، عنایت الله اور تین نامعلوم ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔


یہ بھی پڑھیں: سابق چیف جسٹس کے پلاٹ پر قبضہ، اہلیہ اور بیٹے پر فائرنگ

سابق چیف جسٹس کی اہلیہ کے مطابق ملزمان نے مری میں جوڈیشل ٹاؤن میں ان کے پلاٹ پر قبضہ کرلیا جبکہ عرفان اللہ کنڈی اور عنایت الله نے ان پر اور بیٹے پر کلاشنکوف سے سیدھی فائرنگ بھی کی۔ عرفان اللہ کنڈی سمیت تمام روپوش ہوگئے ہیں جب کہ پولیس ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔ پولیس نے عرفان اللہ کنڈی کے دو ملازموں کو حراست میں لے کر ایک گاڑی بھی تحویل میں لے لی ہے۔

واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان سعید الزماں صدیقی نے 1992ء میں جوڈیشل ٹاؤن میں 600 گز کا پلاٹ خریدا تھا جس پر قبضہ کرلیا گیا ہے۔ جب سابق چیف جسٹس کے اہل خانہ گزشتہ روز اپنا پلاٹ وا گزار کرانے گئے تو قبضہ مافیا کے مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کی، حبس بے جا میں رکھا اور دھمکیاں بھی دیں۔
Load Next Story