ٹی 20 لیگز کرپشن سے بچانے کیلیے سخت اقدامات کی تجویز

آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس میں غورہوگا،فکسنگ میں ملوث کرکٹرزکے سزاؤں سے بچ نکلنے پراے سی ایس یو کو تشویش۔

ون ڈے میں فیلڈنگ کی پابندیوں اوردونوں اینڈ سے نئی گیندیں استعمال کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے گی، بنگلہ دیش سے ورلڈ ٹی 20 کی منتقلی کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس میں ٹوئنٹی 20 لیگز کو کرپشن سے بچانے کیلیے سخت اقدامات تجویز کیے جائیں گے، فکسنگ میں ملوث کرکٹرز اور آفیشلز کے سزاؤں سے بچ نکلنے پر اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کی تشویش بڑھ گئی، مقابلوں کے میزبان ممالک میں خصوصی قوانین کی تشکیل کا مطالبہ کیا جائے گا۔

ون ڈے کرکٹ میں فیلڈنگ کی پابندیوں اور دونوں اینڈ سے نئی گیندیں استعمال کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے گی، بنگلہ دیش کی تیاریاں نامکمل ہونے کے سبب ورلڈ ٹوئنٹی 20 کی منتقلی کا مطالبہ بھی زور پکڑگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند برس میں میچ اور اسپاٹ فکسنگ کے متعدد اسکینڈلز نے شرفا کے کھیل کا دامن داغدار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، حالیہ آئی پی ایل اسکینڈل میں شری شانتھ سمیت 3 بھارتی کرکٹرز کے ملوث ہونے کے بعد بنگلہ دیش کے اشرفل بی پی ایل میں کرپشن کا اعتراف کرچکے، گزشتہ سال ایک بھارتی چینل نے پاکستانی ندیم غوری سمیت اسٹنگ آپریشن کے ذریعے کرپشن کیلیے رضامند امپائرز کو بے نقاب کیا تھا۔

کرکٹ حلقوں میں ٹوئنٹی 20 لیگز کو کرپشن کا گڑھ قراردیا جا رہا ہے، کھیل کی تطہیر کا عمل تیز کرنے کے مطالبات میں تسلسل کے بعد آئی سی سی اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ نے لندن میں جاری سالانہ کانفرنس میں متعلقہ بورڈز کو سخت اقدامات تجویز کرنے کا ارادہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اے سی ایس یو کے سربراہ سر رونی فلینیگن شرکا کو مسائل کی سنگینی کا احساس دلاتے ہوئے ایسا سسٹم وضع کرنے کیلیے کہیں گے جس میں کرپٹ کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلیے بچ نکلنے کے راستے مسددو ہوجائیں۔




یاد رہے کہ بھارتی عدالتی نظام میں کھیلوں میں کرپشن کے حوالے سے خصوصی کرمنل قوانین نہ ہونے کی وجہ سے کئی مجرموں پر ہاتھ ڈالنا مشکل ہوجاتا ہے، یہی صورتحال سری لنکا اور بنگلہ دیش کی بھی ہے۔ذرائع کے مطابق اے سی ایس یو کو تشویش ہے کہ کرپٹ کھلاڑی، آفیشلز اور بکیز قوانین میں نرمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مکروہ دھندہ ڈھٹائی سے جاری رکھتے ہیں، فلینیگن تینوں ممالک کے کرکٹ بورڈز سے مطالبہ کر سکتے ہیں کہ وہ اپنی وفاقی حکومتوں کو ایسے سخت قوانین تشکیل دینے کیلیے کہیں جس سے کھیلوں میں بدعنوانی کے مرتکب افراد کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ شکنی ہو۔

دریں اثنا چیف ایگزیکٹیوز میٹنگ میں ون ڈے کرکٹ میں فیلڈنگ کی پابندیوں اور دونوں اینڈ سے نئی گیندیں استعمال کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے گی،وضع کردہ قوانین پر بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی سخت تنقید کرتے رہے ہیں، چیمپئنز ٹرافی میں مختلف ٹیموں کا اس حوالے سے ردعمل سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا کہ ورلڈ کپ سے قبل کیا تبدیلیاں یا ترامیم مناسب ہوں گی۔

کمیٹی بعض رکن ممالک کی طرف سے زیادہ ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے کھیلنے کیلیے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت طے شدہ ٹیسٹ میچز کو نظر انداز کرنے کے رجحان کا بھی جائزہ لے گی۔طویل فارمیٹ کی بقا کیلیے مقابلوں میں توازن برقرار رکھنے پر زور دیا جائے گا۔ بنگلہ دیش کی تیاریاں نامکمل ہونے کے سبب 16 مارچ سے شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی 20 کی منتقلی کا مطالبہ بھی زور پکڑ گیا ہے۔
Load Next Story