پرویزمشرف کے خلاف مقدمے کا 12 اکتوبر1999 کے اقدام سے کوئی تعلق نہیں شہبازشریف

پرویز مشرف کیس کے معاملے میں بھی وزیر اعظم آئین کی روشنی میں ہی مناسب اقدام اٹھائیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیر اعظم جلد ہی دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے قومی کانفرنس طلب کریں گے،شہبازشریف فوٹو: فائل

KARACHI:
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف مقدمے کا 12 اکتوبر 1999 کے اقدام سے کوئی تعلق نہیں ان کے خلاف مقدمہ ججز کیس کی روشنی میں دائر کیا جارہا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور وزیراعظم نے بھی آئین کے تحفظ کا حلف اٹھایا ہے،پرویز مشرف کیس کے معاملے میں بھی وزیر اعظم آئین کی روشنی میں ہی مناسب اقدام اٹھائیں گے، پرویز مشرف کے خلاف کیس کا 12 اکتوبر1999 کے اقدام سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ مقدمہ تو ججز کیس کے ساتھ منسلک ہے،ان کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی ایک بھیانک روپ اختیار کرگئی ہے اس سلسلے میں حکومت کا موقف انتہائی واضح ہے،وزیر اعظم جلد ہی اس مسئلے پر قابو پانے کے لئے قومی کانفرنس طلب کریں گے۔


اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں پنجاب میں ہم نے بھرپور انداز میں عوام کی خدمت کی، ہم پر فرینڈلی اپوزیشن کے الزام سے جان چھڑانی مشکل ہوگئی لیکن صوبے کے 84 فیصد عوام نے اس مرتبہ ہم پر اعتماد کیا۔ ہم بہت عاجزی اور اعتماد سے اعلان کرتے ہیں کہ جو ذمہ داری پنجاب کے عوام نے ہمیں دی ہے وہ اسے پورا کرنے کے لئے جان لڑا دیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت کئی بحرانوں کا سامنا ہے جس میں لوڈ شیڈنگ سر فہرست ہے، بجلی کا بحران صرف ایک صوبے یا سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں بلکہ ملک بھر کے عوام کا مسئلہ ہے کیونکہ بجلی ہوگی تو معیشت کا پہیہ چلے گا اور لوگوں کو روزگار میسر آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں گیس کے بے دریغ استعمال، اس کی ارزاں نرخوں میں فروخت اور بجلی چوری جیسے کئی مسائل ہیں جو اس بحران کے خاتمے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، اس سلسلے میں ہمیں سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔
Load Next Story