ای سی سی نے 5 لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی منظوری دیدی

گندم پنجاب اورسندھ سے برآمد کی جائیگی،وفاق اورصوبے سبسڈی اداکریں گے،3 وزارتوں کے حکام پرمشتمل کمیٹی تشکیل

گنے کی قیمت اورچینی کی پیداواری لاگت طے کرنے،اسٹیل ملزکے مرحوم ملازمین کے ورثا کیلیے بقایاجات کا معاملہ بھی موخر۔ فوٹو:فائل

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 5 لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی منظوری دیدی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرصدارت اجلاس میں ای سی سی نے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کی جانب سے اضافی گندم کی برآمد سے متعلق تجویزکاجائزہ لیا جس میںپنجاب و سندھ کی صوبائی حکومتوں اور پاسکونے اضافی گندم / مصنوعات برآمدکرنے کی اجازت مانگی تھی۔ کمیٹی نے پاسکو اور دونوں صوبائی حکومتوں کی جانب سے 5 لاکھ ٹن گندم برآمدکرنے کی منظوری دی دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ اس سلسلے میں فریٹ وغیرہ کے لیے کسی بھی قسم کی مالی معاونت متعلقہ صوبائی حکومتیں فراہم کریں گی۔ وفاقی حکومت صرف پاسکو کے معاملے میں ایسی لاگت برداشت کرے گی۔


اجلاس میں کامرس، خزانہ اور فوڈ سیکیورٹی کے سینئر حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی 2 ہفتے میں صورتحال کا جائزہ لے گی اور اگرضرورت ہوئی تو مزید برآمد کی سفارش کرے گی۔ گندم پنجاب اور سندھ سے برآمد کی جائے گی، صوبائی حکومتیں اپنے اپنے حصے کی برآمد گندم پر سبسڈی دیں گی۔

اجلاس میں گنے کی قیمت اور چینی کی پیدواری لاگت طے کرنے اور اسٹیل ملزکے مرحوم ملازمین کے وارثوں کیلیے بقایاجات کا معاملہ بھی موخر کردیا گیا۔ اس کے علاوہ صنعتی اور گھریلو صارفین کے لیے گیس لوڈ مینجمنٹ پروگرام کی منظوری بھی موخرکردی گئی۔

 
Load Next Story