سعید اجمل شائقین کے غصے کی آگ بجھانے کیلیے کوشاں

کنڈیشنز بہت مشکل تھیں،غلطیوں سے سیکھتے ہوئے آئندہ بہترین نتائج دیں گے، اسپنر

کنڈیشنز بہت مشکل تھیں،غلطیوں سے سیکھتے ہوئے آئندہ بہترین نتائج دیں گے، اسپنر فوٹو: فائل

لاہور:
چیمپئنز ٹرافی میں شرمناک کارکردگی کے بعد اسپنر سعید اجمل شائقین کے غصے کی آگ بجھانے کیلیے کوشاں ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کنڈیشنز بہت مشکل تھیں، ہم اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے آئندہ بہترین نتائج دیں گے، ویسٹ انڈیز کا ٹور بھی آسان نہیں ہوگا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے نمائندہ ''ایکسپریس ٹریبیون'' فواد حسین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ 8 ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان آخری نمبر پر رہا جس کی وجہ سے شائقین میں کافی غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

سعید اجمل نے کہا کہ ہم بھی اتنے ہی افسردہ ہیں جتنا کہ کوئی اور ٹیم کا سپورٹر ہوسکتا ہے، ایسا نہیں کہ ٹیم نے مقابلے جیتنے کی کوشش ہی نہ کی ہو، تمام کھلاڑیوں نے ٹیم کو اٹھانے کیلیے اپنی بہترین کوشش کی مگر کنڈیشنز کافی مشکل تھیں، بدقسمتی سے ہم کلک نہیں کرپائے جبکہ جو ٹیمیں کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوئیں انھوں نے اچھے نتائج دیے۔




سعید اجمل نے اگلی سیریز میں بہترین پرفارمنس کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر بہتر نتائج کی کوشش کریں گے، ٹیم میں شامل ہر کھلاڑی اپنی ناکامی کی تلافی کا خواہاں ہے، مجھے پورا یقین ہے کہ ٹیم دوبارہ فتح کی راہ پر گامزن ہوگی، انھوں نے ویسٹ انڈیز کے دورے کو بھی مشکل قرار دیا۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں سعید اجمل نے 25 اوورز کے دوران صرف 4 وکٹیں لیں،اب وہ آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز سے 5 ون ڈے اور 2 ٹوئنٹی 20 میچز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلیے پُرعزم ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے نیٹ پریکٹس شروع کردی اوراپنی فٹنس پر توجہ دے رہا ہوں، مجھے پوری امید ہے کہ ٹور میں بہتر کھیل پیش کروں گا، ویسٹ انڈیز محدود اوورز کے میچز کی بہترین ٹیم ہے، اس کے پاس گیل سمیت کئی ہارڈ ہٹرز موجود ہیں،بطور اسپنر میرے لیے یہ ایک چیلنج ہو گا۔ سعید اجمل نے فیصل آباد میں زیر تعمیر اپنی کرکٹ اکیڈمی کا ایک حصہ ڈس ایبل کرکٹرز کیلیے مختص کرنے کا بھی اعلان کیا۔
Load Next Story