سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی بھانجی کے تشدد سے 10 سالہ ملازم جاں بحق

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پولیس نے حنا گیلانی، فہیم بخاری اورکریم بخش کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مقتول ملازم کے بھائی جاوید نے بتایا کہ اس کے بھائی کی لاش ایک دن تک وہیں پڑی رہی اور چیونٹیاں اس پر چڑھتی رہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی بھانجی حنا گیلانی نے گلاس توڑنے پر تشدد کر کے دس سالہ ملازم کو موت کی وادی میں دھکیل دیا۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی بھانجی حنا گیلانی نے 6 جون کو ایک گلاس توڑنے کی پاداش میں اپنے 10 سالہ ملازم جمیل کے سر پر جگ دے مارا اور وہ معصوم موت کے منہ میں چلا گیا، مقتول کے بھائی جاوید کا کہنا ہے کہ اس کے بھائی کے سر پر بی بی نے جگ دے مارا اور وہ نیچے گر گیا، اس کی لاش ایک دن تک وہیں پڑی رہی اور چیونٹیاں اس پر چڑھتی رہیں۔


حنا گیلانی اور اس کے شوہر فہیم بخاری نے عبدالحمید کو گھر بلا کر بتایا کہ جمیل کی نمونیہ سے موت ہو گئی ہے اور اسے لاش دے کر واپس بھجوا دیا، جمیل کی لاش پر تشدد کے نشانات دیکھنے پربچے کے والد عبدالحمید نےوزیراعلیٰ پنجاب کو ایک درخواست ارسال کی جس میں کہا گیا کہ کریم بخش نامی شخص زبردستی اس کے دو بیٹوں 10 سالہ جمیل اور 7 سالہ جاوید کو ساتھ لے گیا اور ملتان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بھانجے زوہیب گیلانی کے گھر ملازم رکھوا دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پولیس تھانہ شاہ رکن عالم نےحنا گیلانی، فہیم بخاری اور منشی کریم بخش کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا جب کہ زوہیب گیلانی کے گھر چھاپہ مار کر نامزد ملزم کریم بخش سمیت 4 ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا ۔
Load Next Story