رمضان کرکٹ سندھ حکومت سے سیکیورٹی کلیئرنس طلب

کراچی میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات نے پی سی بی کو پریشانی کا شکار کردیا

کراچی میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات نے پی سی بی کو پریشانی کا شکار کردیا۔ فوٹو: اے ایف پی

پی سی بی نے کراچی میں رمضان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کیلیے سندھ حکومت سے سیکیورٹی کلیئرنس طلب کرلی۔

شہر قائد میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات نے بورڈ کو پریشانی کا شکار کر دیا،ایونٹ6 سے 25 جولائی تک نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ہے،صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی ضمانت نہ دیے جانے پر اسے لاہور منتقل کیا جا سکتا ہے،ذرائع کے مطابق پی سی بی ہیڈ کوارٹرز سے جاری خط میں سندھ حکومت کے متعلقہ محکمہ جات سے سیکیورٹی پر رائے طلب کی گئی ہے، بورڈ رمضان المبارک میں مختلف اداروں اور کلبز کی جانب سے کرکٹ ٹورنامنٹس کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے خود ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کرانا چاہتا اور محفوظ و کامیاب انعقاد کا خواہاں ہے، ایک نجی ٹی وی میچز براہ راست دکھائے گا۔




پی سی بی کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی بھی اس ٹورنامنٹ کو منعقد کرانے کے خواہشمند ہیں تاکہ پاکستان کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر مثبت تاثر جائے،کراچی میں ماہ رمضان میں مقامی سطح پر کرکٹ مقابلوں کے حوالے سے بورڈ کے رویے کو پسندیدگی کی نگاہ سے نہیں دیکھا جا رہا، دوسری جانب پی سی بی نے شریک ٹیموں کو مہمان کھلاڑی شامل کرنے کی اجازت دے دی ہے، اس کی وجہ اہم پلیئرز کی انگلش لیگ میں شرکت بنی۔

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں شریک حبیب بینک، نیشنل بینک، یوبی ایل،اسٹیٹ بینک، پورٹ قاسم اتھارٹی،واپڈا اور کے آر ایل کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، شیڈول کے مطابق افتتاحی روز گروپ اے میں دو میچز کھیلے جائینگے، دورہ ویسٹ انڈیز کے باعث ٹاپ پلیئرز ٹورنامنٹ میں شریک نہ ہونگے۔
Load Next Story