چینی قونصل خانے پر حملہ آور دہشتگرد پہلے بھی آئے تھے زخمی سیکورٹی گارڈ

آدھے گھنٹے بعد آتے ہی گولیوں کی بوچھاڑ کی اور بیریئرز پر گرنیڈ پھینکا، زخمی گارڈ محمد جمن

ویزا سیکشن کا وقت شروع نہ ہونے کی وجہ سے انہیں وقت پر آنے کا کہا ، جمن زخمی گارڈ فوٹو: سوشل میڈیا

کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے میں زخمی ہونے والے سیکورٹی گارڈ نے انکشاف کیا ہے کہ 2 دہشتگرد حملے سے نصف گھنٹہ قبل بھی آئے اور انہوں نے خود کو عام شہری ظاہر کیا تھا۔

جناح اسپتال میں زیر علاج 60 سالہ سیکورٹی گارڈ جمن نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آوروں میں سے 2 دہشتگرد صبح سوا آٹھ سے ساڑھے آٹھ کے درمیان قونصل خانے آئے تو انہیں بیریئر پر روک لیا گیا۔

سیکورٹی گارڈ کے مطابق دہشتگردوں نے خود کو عام شہری ظاہر کرکے ویزا سیکشن جانے کا کہا تاہم مقررہ وقت شروع نہ ہونے کی وجہ سے انہیں اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی جس پر وہ واپس چلے گئے۔


یہ بھی پڑھیں: چینی قونصل خانے پر حملے کے دو سہولت کار گرفتار

جمن نے بتایا کہ آدھے گھنٹے بعد تین دہشتگرد جدید ہتھیاروں سے لیس ہوکر آئے اور آتے ہی فائرنگ شروع کردی، انہوں نے گرینیڈ پھینکا اورفائرنگ کی جس سے وہ زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ حملہ آوروں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکاروں کی شہادت کے بعد جمن شاہ نے دہشتگردوں کو آگے نہیں جانے دیا تھا اور اس دوران دستی بم کے حملے میں وہ زخمی ہوگیا تھا، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ گریینڈ کے چھرے لگنے سے جمن کا جسم چھلنی ہوگیا ہے۔

Load Next Story