سبزی منڈی 150غیر قانونی دکانوں اور ہوٹلوں کو گرانے کی تیاری

تجاوزات کی نشاندہی کر کے نوٹس جاری کر دیے، وائس چیئرمین مارکیٹ کمیٹی

ایس ایس پی ملیر نے ڈپٹی کمشنر کو آپریشن کی تاریخ مقررکرنے کیلیے خط لکھ دیا۔ فوٹو: ایکسپریس

سپر ہائی وے سبزی منڈی میں تجاوزات کے خاتمے کیلیے گرینڈآپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، آپریشن کے دوران سیکڑوں غیرقانونی دکانوں، ہوٹلوں اور پتھاروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کراچی سبزی منڈی میں بڑے پیمانے پر تجاوزات قائم ہیں اور قبضہ مافیا کے کارندے سیاسی جماعتوں کے جھنڈے اور بینر استعمال کر کے نجی اور سرکاری املاک پر قابض ہیں، سبزی منڈی میں عوامی سہولت کیلیے مختص سرکاری اراضی پر بھی مافیا کا قبضہ ہے، سرکردہ شخصیا ت نے منڈی میں سرکاری اراضی پر وسیع و عریض کولڈ اسٹوریج بھی تعمیر کرلیے ہیں۔

منڈی میں تعمیراتی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری ہے اور بلند عمارتیں بھی تعمیر کی جارہی ہیں،اس کے علاوہ منڈی کی اہم سڑکوں پر جگہ جگہ تجاوزات کی بھرمار ہے، بڑے بینکوں نے بھی غیرقانونی طور پر شاخیں قائم کررکھی ہیں جگہ جگہ چھپرا ہوٹل اور ڈھابے کھلے ہوئے ہیں منڈی میں ڈسپنسری اور دیگر سہولتوں کے لیے مختص مقامات پر بھی قبضہ ہوچکا ہے۔


مارکیٹ کمیٹی کے وائس چیئرمین آصف احمد کے مطابق سبزی منڈی میں 150 سے زائد غیر قانونی دکانوں ہوٹلوں اور پتھاروں کی نشاندہی کرکے نوٹس جاری کردیے ہیں جن کے خلاف رواں ماہ کے اختتام تک گرینڈ آپریشن کیا جائے گا، مارکیٹ کمیٹی نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے نوٹس آویزاں کردیے ہیں، مارکیٹ کمیٹی کی درخواست پر آپریشن کے لیے پولیس نے انتظامیہ سے مدد مانگ لی ہے۔

آپریشن کے لیے ایس ایس پی ملیر کی جانب سے ڈپٹی کمشنر ملیر کو 9نومبر کو ایک خط بھی ارسال کیا گیا جس میں سبزی منڈی کی حدود میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے مجسٹریٹ اور اسسٹنٹ کمشنر کو نگراں مقررکرنے کی درخواست کی گئی ہے خط میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کی تاریخ مقرر کی جائے تاکہ بڑے پیمانے پر تجاوزات کے خاتمے کے دوران امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے افرادی قوت کا بندوبست کیا جاسکے،خط کی نقول سیکٹرکمانڈر بھٹائی رینجرز کو بھی ارسال کی گئی ہے۔

 
Load Next Story