ایس ای سی پی رجسٹرڈ فرمز کی تعداد 92 ہزار سے تجاوز

گزشتہ مالی سال طویل عرصے سے غیرفعال3ہزارکمپنیوں کی رجسٹریشن ختم کی گئی

گزشتہ مالی سال طویل عرصے سے غیرفعال3ہزارکمپنیوں کی رجسٹریشن ختم کی گئی۔ فوٹو: فائل

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے پاس92 ہزار سے زائد کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں۔

گزشتہ مالی سال 2017-18 کے دوران ایس ای سی پی نے لمبے عرصے سے غیرفعال 3 ہزار کمپنیوں کی رجسٹریشن ختم کی ہے تاکہ ان کمپنیوں کے اکاؤنٹس کا غلط استعمال نہ کیا جا سکے اور اس حوالے سے مشتبہ ٹرانزیکشنز کا سدباب کیا جا سکے۔

ایس ای سی پی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر وسیم احمد خان نے کہا ہے کہ کمیشن کو اختیار ہے کہ وہ غیرفعال اور کام نہ کرنے والی رجسٹرڈ کمپنیوں کی رجسٹریشن ختم کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن نے گزشتہ مالی سال کے دوران 3 ہزار غیرفعال اور کاروبار نہ کرنے والی کمپنیوں کی رجسٹریشن ختم کی ہے اور یہ کمپنیاں اب ایس ای سی پی کی ایکٹو کمپنیز لسٹ میں موجود نہیں ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی نے کمپنیوں کی رجسٹریشن کے خاتمہ کا فیصلہ ان کے اکاؤنٹس کے غلط استعمال کو روکنے اور کسی بھی قسم کی مشتبہ ٹرانزیکشنز کے تدارک کیلیے کیا ہے۔

وسیم احمد خان نے مزید کہا کہ ایس ای سی پی کے پاس رجسٹرڈ کمپنیوں، ان کے مالکان اور حصہ داروں وغیرہ کے حوالے سے دستیاب معلومات اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے بھی شیئر کی جا رہی ہیں تاکہ ٹیکس کے دائرہ کار میں اضافے کے حوالے سے حکمت عملی کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جا سکے۔

 
Load Next Story