سندھ میں امریکی سرمایہ کاری کیلیے کانفرنس جلد ہوگی امریکی سفیر

صوبے میںانرجی، کوئلہ اور زراعت میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، وفد سے گفتگو

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور کونسل جنرل مائیکل ڈوڈ مین سے بات چیت کررہے ہیں۔ فوٹو: پی پی آئی

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے گی اور سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولتیں اور مراعات فراہم کی جائینگی۔

وہ جمعرات کو وزیراعلیٰ ہائوس میں پاکستان میں متعین امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل مائیکل ڈوڈ مین، پولیٹیکل اور اکنامک چیف مس انیو پرتپتی پر مشتمل وفدسے بات چیت کررہے تھے۔اس موقع پر امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا کہ امریکی سرمایہ کار پاکستان بالخصوص صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان میں پاک امریکا بزنس کانفرنس کا انعقاد بھی کر رہے ہیں تاکہ سرمایہ کاری کے حوالے سے مختلف امور پر بات چیت ہوسکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے امریکی سفیر کو بتایا کہ سندھ میں انرجی ، کوئلہ ، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔




انرجی کے شعبے میں مختلف ممالک کی جانب سے سرمایہ کاری کی جارہی ہے جبکہ سندھ حکومت اینگرو کمپنی کے ساتھ پاور جنریشن کے مشترکہ منصوبے پر کام کررہی ہے۔ حالیہ بجٹ میں بھی عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے اور انرجی ، صحت اور تعلیم کے شعبوں کو بطور خاص ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔ سندھ حکومت پورے صوبے بالخصوص کراچی میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔
Load Next Story