میرا بس چلے تو حکومت کو ایک دن بھی نہ چلنے دوں فضل الرحمٰن

پاکستان اقتصادی طورپرعالمی مالیاتی اداروں کا غلام اوران کی آماجگاہ بن چکا، سزا عوام بھگت رہے ہیں، سربراہ جے یو آئی ف

سکھر میں تحفظ ختم نبوت کانفرنس، ملین مارچ سے خطاب، اویس نورانی، غفورحیدری و دیگر رہنماؤں کا بھی اظہار خیال

KARACHI:
جمعیت علمائے اسلام اور متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی طور پر عالمی مالیاتی اداروں کا غلام اور ان کی آماجگاہ بن چکا ہے، 70 سال سے جو قوتیں ہم پر حکومت کررہی ہیں ان کے کرتوتوں کے نتیجے میں آج ملک کے عوام سزا بھگت رہے ہیں، یہ کھیل کب تک کھیلا جاتا رہے گا، آج میڈیا آزاد نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو سکھر میں تحفظ ختم نبوت کانفرنس اور ملین مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق مولانا فضل الرحمنٰ نے کہا کہ ''میرا بس چلے تو اس حکومت کو ایک دن بھی نہ چلنے دوں''۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ حکمراں کسی بھی طور عوام کے نمائندے نہیں ہیں۔ ہم پاکستان کو امریکا اور مغرب کی کالونی نہیں بننے دیں گے۔


انھوں نے کہا کہ عمران خان کی وضاحتیں ناکافی اور ناقابل قبول ہیں۔ وہ جس طرف ریاست کو لے جا رہے ہیں وہ ریاست کا راستہ نہیں ہے۔سکھر سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے کامیاب ملین مارچ پر ایم ایم اے اور جے یو آئی کی صوبائی قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ میڈیا ہمارے نقطہ نظر کو بھی واضح طور پر قوم کے سامنے لائے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کی اسلامی و نظریاتی شناخت تبدیل کی جارہی ہے۔

یہ جلسے، یہ بے مثال مظاہرے، یہ ملین مارچ اور اس میں عوام کی شرکت بلاوجہ نہیں ہورہی، اس قوم کے سامنے ایک چیلنج ہے۔مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی طیارے میں کون آیا، کس سے ملاقات ہوئی، اسے مبہم کیوں رکھا جارہا ہے، وضاحتیں ناقابل قبول ہیں۔
Load Next Story