متحدہ عرب امارات نے برطانوی جاسوس کو معاف کردیا

میتھیوز ہیجز نے اقبالی بیان میں برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی-6 کا آفیسر ہونے کا اعتراف کیا تھا

میتھیوز ہیجز کو 5 روز قبل جاسوسی کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ فوٹو : اے ایف پی

متحدہ عرب امارات کے حکمراں خلیفہ بن زاید النہیان نے صدارتی صوابدید کو استعمال کرتے ہوئے برطانوی جاسوس کی عمر قید کی سزا معاف کر دی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں غیر ملک کے لیے جاسوسی کے الزام میں عمر قید کی سزا پانے والے برطانوی طالب علم میتھیو ہیجز کی سزا معاف کردی گئی ہے۔

متحدہ عرب امارات کے حکمراں خلیفہ زاید بن النہیان نے اپنی صدارتی صوابدید کو استعمال کرتے ہوئے 100 سے زائد اسیروں کی سزا معاف کرنے کا حکم نامہ جاری کیا۔ اس فہرست میں حیران کن طور پر 31 سالہ میتھیو ہیجز کا نام بھی شامل ہے۔


یہ خبر بھی پڑھیں : یواے ای میں برطانوی طالب علم کو جاسوسی کے الزام میں عمر قید کی سزا

میتھیو ہیجز کی سزا کی معافی کا معاملہ عالمی دباؤ کا نتیجہ ہے، قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے حکام نے میڈیا کو ملزم کے اقبالی بیان کی ویڈیو دکھائی تھی جس میں میتھیو ہیجز نے برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6 کا کیپٹن ہونے کا اعتراف کیا تھا۔

واضح رہے کہ برطانوی طالب علم میتھیو ہیجز کو رواں برس مئی میں حراست میں لیا گیا تھا اور 21 نومبر کو جاسوسی کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
Load Next Story