قیام امن کے بغیر گوادر کی ترقی ممکن نہیں تاجر

مقامی افراد کو روزگار فراہم،سیکیورٹی، سماجی واقتصادی حالات بہتر بنائے جائیں

وزیر اعلیٰ کو بلوچستان وگوادرکی ترقی کیلیے چارٹر پیش کردیا، مقبول آفریدی، سیمینار سے خطاب۔ فوٹو: فائل

تاجر برادری نے کہا ہے کہ امن و امان یقینی بنائے بغیر گوادر کی ترقی ممکن نہیں لہٰذا حکومت اگر گوادر کی ترقی چاہتی ہے تو امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کی زندگی میں بھی بہتری یقینی بنائے۔

ایف پی سی سی آئی کے زیر اہتمام گوادر کی ترقی سے متعلق سیمینار میں بلوچستان کے اہم ترین علاقے گوادر سے آئے ہوئے تاجروں کا کہنا تھا کہ جب تک مقامی افراد کی زندگی میں بہتری نہ آئے، انکے سماجی اور اقتصادی حالات بہتر نہ ہوں، انہیں روزگار نہ ملے، انہیں امن وامان کے حوالے سے بہتر سیکیورٹی میسر نہ ہوتب تک وہ اطمینان محسوس نہیں کریں گے اور نہ ہی گوادر کی ترقی ہوسکے گی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے گوادر ڈیولپمنٹ کے چیئرمین کرنل مقبول آفریدی نے کہا کہ بلوچستان میں بے شمار قدرتی وسائل موجود ہیں جس میں گوادر گہرے پانی کی ایک بڑی بندرگاہ ہے جہاں ایک لاکھ ٹن کا جہاز لنگر انداز ہوسکتا ہے۔




گوادر میں سرمایہ کاروں کو سیکیورٹی کے بڑے خدشات ہیں، حکومت کو سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت اور پینے کے پانی کی فراہمی کیلیے اقدامات کرنا ہونگے، گوادر بندرگاہ پر 3 برتھ تعمیر ہوچکی ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 15 سے20 برتھ تعمیر کی جائیں گی، گوادر پورٹ پر آئل ریفائنری کیلیے زمین الاٹ کردی گئی ہے، گوادر پورٹ کی تعمیر کے بعد 10 سال میں 25 لاکھ افراد کو روزگار حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے باقی چیمبرزآف کامرس کو بھی گوادر کے بارے میں پریزنٹیشن دی جائے گی تاکہ وہاں بھی بزنس مین گوادر کے بارے میں مکمل آگاہ ہوسکیں۔

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر گلزار فیروزنے کہا کہ گوادر کی ترقی کے حوالے سے جو بھی اقدامات کیے جائیں گے اور وہاں جو بھی ترقیاتی منصوبے شروع ہونگے فیڈریشن چیمبر کی جانب سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ فیڈریشن چیمبر کے نائب صدر نوید جان بلوچ نے کہا کہ گوادر میں سیکیورٹی کے بارے میں لوگوں کے خدشات دور ہونے چاہئیں ،بلوچ قوم کو یہ احساس ہے کہ ترقی کے نام پر ان کے حقوق نہ چھین لیے جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے ایک وفد کی صورت میں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کو بلوچستان بالخصوص گوادر کی ترقی کیلیے ایک چارٹر پیش کیا ہے، فیڈریشن چیمبر اور ملک کے دیگر چیمبر آف کامرس کے ذریعے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے رابطہ رکھیں گے اور گوادر کی ترقی کے لیے کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کریں گے۔
Load Next Story