دورہ ویسٹ انڈیز پاکستان کا 14 جولائی کو پہلا ون ڈے

سیریز کے باضابطہ شیڈول کا اعلان، گیانا، سینٹ لوشیا اور سینٹ ونسنٹ میزبانی کرینگے

سیریز کے باضابطہ شیڈول کا اعلان، گیانا، سینٹ لوشیا اور سینٹ ونسنٹ میزبانی کرینگے۔ فوٹو : فائل

پاکستانی کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز کا آغاز 14 جولائی کو کرے گی، 5 ون ڈے اور 2 ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا 28 تاریخ کو اختتام ہو گا، میزبان بورڈ نے آخرکار شیڈول کا اعلان کر ہی دیا۔

تفصیلات کے مطابق کیریبیئن بورڈ نے گرین شرٹس سے سیریز کی میزبانی گیانا، سینٹ لوشیا اور سینٹ ونسنٹ کو سونپ دی ہے، مہمان ٹیم ابتدائی 2 ون ڈے انٹرنیشنل میچز 14 اور 16 جولائی کو گیانا میں کھیلے گی، یہاں ایک سال بعد انٹرنیشنل میچ کا انعقاد ہو گا، بقیہ تینوں مقابلے بالترتیب19، 21 اور 24 تاریخ کو سینٹ لوشیا میں شیڈول ہیں، دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز 27 اور 28 جولائی کو آرنوس ویلی کرکٹ گراؤنڈ سینٹ ونسنٹ میں ہوں گے۔




قبل ازیں پاکستانی سائیڈ دورے کا آغاز 11 تاریخ کو گیانا میں 50 اوورز کے وارم اپ میچ سے کرے گی، حریف ٹیم کا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ آئی سی سی فیوچر ٹور پروگرام کے تحت مہمان ٹیم کو جون، جولائی کے ٹور میں 2 ٹیسٹ، اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے تھے مگر ویسٹ انڈیز نے بھارت اور سری لنکا کی شمولیت سے ٹرائنگولر سیریز کا منصوبہ بنا کر سیریز موخر کر دی، اس وجہ سے دستیاب تاریخوں میں ٹیسٹ کی جگہ نہیں رہی، میزبان بورڈ نے سیریز اگست میں ری شیڈول کرنے کی درخواست کی مگر بھارت اور زمبابوے سے کھیلنے کے خواہاں پی سی بی نے اسے تسلیم نہیں کیا۔
Load Next Story