برینڈن میک کولم کا وکٹ کیپنگ سے دل بھر گیا

انگلینڈ کے دورے میں بریڈلے جون واٹلنگ، لیوک رونچی اور ٹام لیتھم نے گلوز پہنے

انگلینڈ کے دورے میں بریڈلے جون واٹلنگ، لیوک رونچی اور ٹام لیتھم نے گلوز پہنے۔ فوٹو: فائل

کیوی کپتان برینڈن میک کولم کا وکٹ کیپنگ سے دل بھر گیا اور وہ اس ذمہ داری سے سبکدوش ہونا چاہتے ہیں۔

اگر حالیہ دورہ انگلینڈ کو دیکھا جائے تو یہ بات سچ ثابت ہوجاتی ہے، ون ڈے اور ٹی 20 مقابلوں میں لیوک رانچی اور ٹام لیتھم وکٹوں کے عقب میں گلوز پہنے دکھائی دیے،انجرڈ ہونے والے بریڈلے جون واٹلنگ ٹیسٹ میں وکٹ کیپنگ کرتے رہے، برینڈن بدستور نیوزی لینڈ کے ایک بہترین فیلڈر ہیں، اس کا عملی مظاہرے انھوں نے انگلینڈ کیخلاف بارش کی نذر ہونے والے دوسرے ٹی 20 میں سیکنڈ سلپ میں میزبان اوپنر مائیکل لمب کا کیچ تھام کر کیا، میچ میں دو ہی گیندیں پھینکی جاسکیں لیکن اس میں بھی برینڈن میک کولم کی عمدہ فیلڈنگ نے انگلینڈ کو ایک نقصان سے دوچار کردیا۔




مستقبل میں وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں کسی اور کو سونپنے کے بارے میں انھوں نے کہا کہ اس پر ہمیں بات کرنے کی ضرورت ہے، اگر ہم اپنی ٹیم میں توازن رکھ پاتے ہیں تو میرا بطور اسپیشلسٹ بیٹسمین کھیلنا ایک آپشن ہے، ہم نے اس دورے میں چند پلیئرز کو وکٹ کیپنگ کے مواقع دیے،ٹی 20 میں ٹام کو صلاحیتوں کے اظہار کا چانس ملا، اگرچہ وہ الیکس ہیلز کو اسٹمپڈ کرنے کا موقع کھوبیٹھا لیکن اس کے علاوہ مجموعی طور پر بہترین کھیل پیش کیا، بلاشبہ وہ مستقبل میں ہمارے لیے اہم ثابت ہوگا لیکن ابھی اسے محنت کی ضرورت ہے۔

کیوی کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ برینڈن میک کولم بہترین بیٹسمین ہونے کے ساتھ عمدہ وکٹ کیپر بھی ہے لیکن جب مارٹن گپٹل فیلڈ میں نہیں ہوتا تو ہمیں میدان میں اچھے فیلڈر کی بھی ضرورت پیش آتی ہے،اب نئے وکٹ کیپر کیلیے ضروری ہوگا کہ وہ ٹاپ آرڈر میں بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے، انھوں نے مزید کہا کہ ٹام اس کیلیے زیادہ موزوں ہے لیکن وہ اپنی ریاستی ٹیم کینٹربری کیلیے ہمیشہ وکٹ کیپنگ نہیں کرتا، اگرچہ ہم نے اسے ٹیسٹ کیلیے بطور بیک اپ اسکواڈ میں طلب کیا تھا لیکن اسے ڈیوک بال پر ڈیبیو کا موقع ملا جو زیادہ سوئنگ ہوتی ہے، اسے مورد الزام قرار دینا منصفانہ نہیں ہوگا، ہم سمجھتے ہیں کہ اس کا مستقبل تابناک ہے۔
Load Next Story