آملا نے پروٹیز کی پوزیشن مضبوط بنانے کیلیے کمرکس لی

لارڈز میں کیچ ڈراپ ہونے کے بعدناقابل شکست ففٹی،ٹیم کے3وکٹ پر 145 رنز

لندن:لارڈز ٹیسٹ کے تیسرے دن انگلش وکٹ کیپر میٹ پرائر جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملا کا کیچ ڈراپ کر رہے ہیں، بدقسمت بولر اسٹورٹ براڈ مایوس (فوٹو: ایکسپریس)

لارڈز ٹیسٹ میں ہاشم آملا نے ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنانے کیلیے کمر کس لی، جنوبی افریقہ نے تیسرے روز کے اختتام تک 3 وکٹ پر 145 رنزبنالیے، یوں اسے139 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی، وکٹ کیپر کی غفلت کے باعث 2رنز پر چانس پانے والے آملا 57 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، جیک کیلس نے 31 رنز جوڑے، اس سے قبل انگلش ٹیم پہلی باری میں 6 رنز کی برتری کے ساتھ 315 پر آئوٹ ہوئی، ٹیل اینڈرز نے مہمان پیس اٹیک کا جوانمردی سے سامنا کیا، مورن مورکل اور ڈیل اسٹین نے 4، 4 وکٹیں لیں،جمی بیئراسٹو 5 رنز کی کمی سے پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل نہیں کرپائے۔

تفصیلات کے مطابق لارڈز میں جاری تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کانٹے دار مقابلہ جاری ہے، تیسرے روز کے اختتام کے باوجود کوئی بھی ٹیم واضح برتری حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی، مہمان سائیڈ نے دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر 145 رنز بنائے ہیں، اوپنر گریم اسمتھ اور الویرو پیٹرسن نے سنبھل کر بیٹنگ کا آغاز کیا مگر 46 کے مجموعے پر یہ اوپننگ شراکت ٹوٹ گئی جب گریم سوان نے اسمتھ کو 23 پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔


تھوڑی دیر بعد الویرو پیٹرسن بھی 24 رنز پر براڈ کی گیند پر اسی انداز سے آئوٹ ہو کر پویلین واپس چل دیے، اسی اوور کی پہلی گیند پر ہاشم آملا کو چانس ملا جب لیگ سائیڈ پر میٹ پرائر ڈائیو لگانے کے باوجود گیند کو اپنے گلوز میں محفوظ نہیں کرپائے، آملا اور جیک کیلس کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 31 رنزکی شراکت ہوئی جس کا خاتمہ اسٹوین فن کے ہاتھوں ہوا، کیلس بھی 81 رنز پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، جب دن کا اختتام ہوا تو آملا 57 رنز پر کھیل رہے تھے جبکہ نائٹ واچ مین ڈیل اسٹین نے کھاتہ نہیں کھولا تھا۔

قبل ازیںانگلینڈ نے پہلی اننگز میں 315 رنز بنائے، کیون پیٹرسن کی جگہ ٹیم میں جگہ پانے والے بیئر اسٹو 95 رنز پر میدان بدر ہوئے، گریم سوان نے ناٹ آئوٹ 37 رنز بنائے، مورن مورکل اور اسٹین نے 4، 4 جبکہ ورنون فلینڈر نے 2 وکٹیں لیں۔
Load Next Story