سندھ میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں ڈاکٹر عشرت العباد

امن و امان پورے ملک کا مسئلہ ہے، سیہون میں خطاب، لعل شہباز قلندر کا 761واںعرس شروع

امن و امان پورے ملک کا مسئلہ ہے، سیہون میں خطاب، لعل شہباز قلندر کا 761واںعرس شروع۔ فوٹو: فائل

روحانی بزرگ حضرت سیدنامحمدعثمان مروندی المعروف قلندرلعل شہباز کا 761واں سالانہ عرس سیہون میں شروع ہوگیا ہے۔

سہ روزہ عرس کا افتتاح گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے مزارمبارک پرچادر چڑھاکر کیا۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر فاتحہ خوانی کی اور سندھ اور پاکستان میں امن اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی ۔ عرس کے افتتاح کے بعد انھوں نے لعل شہباز قلندر ؒ کے مزار پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ صوفیائے کرام کی دھرتی ہے جنھوں نے ہمیشہ محبت امن اور بھائی چارے کا درس دیا اور ہم حضرت لعل شہباز قلندرؒ اور سندھ کے دیگر صوفیائے کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنے مسائل اور مشکلات کو حل کر سکتے ہیں۔




کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور سندھ میں گورنر راج کے نفاذ کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے واضح طور پر کہا کہ سندھ میں گورنر راج نافذ ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے اور نہ سندھ میں گورنر راج کی ضرورت ہے ۔ امن وامان کی صورتحال صرف سندھ کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے ، امن و امان برقرار رکھنا سندھ حکومت کی ذمے داری ہے اور وہ موثر طریقے سے دہشت گردی سے نمٹ رہی ہے ۔

Recommended Stories

Load Next Story