انڈر19 ورلڈ کپ آج کوارٹر فائنل میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ مدمقابل

آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کی معرکہ آرائی سے دوسری سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ ہوگا

آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کی معرکہ آرائی سے دوسری سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ ہوگا. فوٹو: اے ایف پی

لارڈز میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی سینئر ٹیمیں آئی سی سی نمبرون پوزیشن کیلیے جنگ کررہی ہیں، وہاں سے ہزاروں میل دور آسٹریلیا میں اتوار کو انڈر 19ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں دونوں ممالک کی جونیئر ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، سپرلیگ کا دوسرا کوارٹر فائنل دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائیگا، اختتامی پوزیشنز کے رائونڈ 8 میچز میں سری لنکا کی ٹیم نیپال اور آئرلینڈ کی سائیڈ نمیبیا سے مقابلہ کرے گی۔


تفصیلات کے مطابق انگلش ٹیم جنوبی افریقہ کی فتوحات کو بریک لگانے کیلیے پُرعزم ہے، ورلڈ کپ میں اب تک کھیلے گئے دونوں باہمی مقابلوں میں پروٹیز نے کامیابی حاصل کی ہے، اس سطح پر انگلینڈ سے مجموعی طور پر 20 میچز میں جنوبی افریقہ نے 12 میں فتح سمیٹی جبکہ 6میچز میں انگلش ٹیم نے میدان مارا، دو مقابلے بے نتیجہ رہے، جنوبی افریقی اوپنر کوئنٹون ڈی کوک 226رنز کے ساتھ ایونٹ کے ٹاپ اسکورر کا اعزاز حاصل کیے ہوئے ہیں، انگلینڈ کے بین فوئکس بھی 126رنز کے ساتھ نمایاں ہیں،ان کے ہم وطن ریسی ٹوپلے 8وکٹوں کے ساتھ بھارتی بولر کمل کے پہلی پوزیشن میں شریک بنے ہوئے ہیں، جنوبی افریقہ کیلیے کورن ڈرائی 6وکٹیں اپنے نام درج کراچکے۔

اتوار کو ہی دوسرے کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو نسبتاً آسان حریف بنگلہ دیش کا سامنا کرنا ہوگا، کینگروز اب تک تین مرتبہ 1988، 2002 اور 2010 میں ٹرافی اپنے نام کرچکے،جونیئر ٹائیگرز کی بہترین پرفارمنس 2006 اور 2008 میں سپرلیگ کوارٹر فائنلز تک رسائی رہی،آسٹریلیا کو ان فارم ایشٹون ٹرنر اور گرویندر ساندھو کی بولنگ سے گذشتہ میچز میں خاصا فائدہ پہنچا، دونوں بالترتیب7 اور6 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگا چکے ہیں۔
Load Next Story