نیشنل سیکیورٹی پالیسی جلد تشکیل دی جائے گی وزیرداخلہ

وفاقی اور صوبائی حکومتیں قانون نافذکرنے والے اداروں کے مابین بہتر اور موثرکوآرڈینیشن قائم کرنے کی ضرورت ہے، وزیرداخلہ

وفاقی اور صوبائی حکومتیں قانون نافذکرنے والے اداروں کے مابین بہتر اور موثرکوآرڈینیشن قائم کرنے کی ضرورت ہے، وزیرداخلہ فوٹو: فائل

وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہاہے کہ وزارت داخلہ اوراس کے ذیلی محکموں میں اچھی شہرت کے حامل افسران کوتعینات کیاجائے گا، جولائی میںہی نیشنل سیکیورٹی پالیسی کی تشکیل مکمل کی جائے گی۔


وہ جمعے کو وزارت داخلہ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، جوائنٹ ڈائریکٹراینٹی نارکوٹکس فورس، آئی جی اسلام آباد، چیف کمشنراسلام آباد، ڈپٹی نیشنل کوآرڈینیٹرنیشنل کاؤنٹرٹیررازم اتھارٹی، ایس ایس پی ٹریفک اور وزارت داخلہ کے سینئرافسران نے شرکت کی۔ وزیرداخلہ نے غیرمعیاری اشیائے خورونوش اور زائدالمیعادوغیرمعیاری ادویہ کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے ایکشن پر اطمینان کااظہار کیااور کہاکہ اسلام آبادکے تھانوں کا ریکارڈکم ازکم وقت میں کمپیوٹرائزڈ کیا جائے۔ انھوںنے وزارت داخلہ و وزارت انسدادمنشیات کے خلاف عوامی شکایات کے لیے ہاٹ لائن قائم کرنے اور آئی جی کو گھریلوملازمین اور کچی آبادیوں کے مکینوں کی رجسٹریشن کرکے ڈیٹا جلدمرتب کرنے کابھی حکم دیا۔

جبکہ اسلام آبادکے اہم داخلی راستوںسے گذرنے والی گاڑیوں کے لیے ای ٹول نظام کی جلد فیزیبلٹی بنانے کے لیے چیئرمین نادراکو ہدایت کی۔ انھوںنے چیف کمشنر اورسی ڈی اے کو شہرسے تجاوزات کے خاتمے، پبلک پارکس کواپ گریڈکرنے اور پیشہ ور بھکاریوںکو ہٹانے کاحکم دیا۔ انھوںنے کہاکہ اسلام آبادمیں غیر رجسٹرڈ گاڑیوںکے داخلے پرپابندی ہے۔ وزیرداخلہ نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے قانون نافذکرنے والے اداروں کے مابین مزیدبہتر اور موثرکوآرڈینیشن قائم کرنے کی ضرورت پرزور دیا۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ نیشنل سیکیورٹی پالیسی کی تشکیل میں موثرتجاویز دی جائیں۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ اسلحہ لائسنسوں کے اجراپر پابندی پہلے ہی لگائی جاچکی ہے مگر جن کی فیس لوگ 20جون تک جمع کراچکے ہیں انھیں مکمل کیاجائے۔

Recommended Stories

Load Next Story