کراچی میں لی مارکیٹ کے پاس پل اور طارق روڈ پر انڈرپاس بنانے کی منظوری

وزیر اعلی سندھ کا تعمیراتی کام جلد شروع کرنے کا حکم

وزیر اعلی سندھ کا تعمیراتی کام جلد شروع کرنے کا حکم فوٹو:فائل

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے لی مارکیٹ کے پاس فلائی اوور اور طارق روڈ پر انڈرپاس بنانے کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی پیکج پر اجلاس ہوا جس میں وزیر بلدیات، چیف سیکریٹری سندھ، چیئرمین پی اینڈ ڈی، کمشنر کراچی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ایئرپورٹ سے نکلتے ہی سامنے والی بلڈنگ بہت خراب لگتی ہے، اسے خوبصورت کرنے کے لئے مجھے اسکیم بناکر دیں۔ مراد علی شاہ نے سعید غنی اور چئیرمین پی اینڈ ڈی کو سائٹ کا دورہ کرنے اور علاقے کو خوبصورت بنانے کے لئے تجویز دینے کی ہدایت کی۔


وزیراعلیٰ سندھ نے کلفٹن میں سب میرین چورنگی کے انڈر پاس کی تزئین و آرائش کو مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ چڑیا گھر کی 331.3 ملین روپے کی اسکیم بہت تاخیر کا شکار ہے جسے میئر کراچی کے ساتھ مل کر جلد مکمل کیا جائے جبکہ حیدر علی روڈ اور طارق روڈ انڈر پاس کا کام بھی جلد شروع کیا جائے اور یہ اسکیمیں اپریل کے آخر میں ختم ہونی چاہئیں۔

وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ لی مارکیٹ کے پاس فلائی اوور منصوبہ شروع کرنا ہے اور وہاں کی سڑکیں بھی بہتر کرنی ہیں، ان پر دسمبر کے آخر میں کام شروع ہونا چاہیے۔ مراد علی شاہ نے سیکریٹری خزانہ کو کراچی پیکج کے تمام فنڈز جاری کرنے کا بھی حکم دیا۔
Load Next Story