برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی صدر آصف زرداری سے ملاقات

دہشت گردی کے خلاف جنگ،یورپی منڈیوں تک مصنوعات کی رسائی سمیت اہم شعبوں میں پاکستان کی مددجاری رکھیں گے،برطانوی وزیراعظم

دہشت گردی کے خلاف جنگ،یورپی منڈیوں تک مصنوعات کی رسائی سمیت اہم شعبوں میں پاکستان کی مددجاری رکھیں گے،برطانوی وزیراعظم. فوٹو: پی آئی ڈی

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچنے کے بعد صدر آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں موجودہ علاقائی صورت حال، معیشت سمیت دو طرفہ دلچسپی کے دیگر امور زیر غور آئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر مملکت نے برطانوی وزیر اعظم کو بتایا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ برابری اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر وسیع اور مضبوط تعلقات قائم رکھنے کی خواہش رکھتا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ برطانیہ دہشت گردی کے خلاف جنگ، یورپی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی، سرمایہ کاری اور تعلیم کے شعبے میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے پرامن انداز ميں انتخابات کے انعقاداور اقتدار کی منتقلی پر بھی صدر آصف علی زرداری کو مبارکباد دی جب کہ ملاقات میں افغانستان امن اور نیٹو افواج کے انخلا کے بعد کی صورتحال بھی زیرغور آئی۔


قبل ازیں ڈیوڈ کیمرون 2 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے جہاں وزیر سائنس وٹیکنالوجی زاہد حامد نے ان کا استقبال کیا، اپنے دورے کے دوران برطانوی وزیر اعظم پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقات کریں گے جس میں خطے کی صورتحال اور بالخصوص افغانستان میں قیام امن اور طالبان سے مذاکرات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ڈیوڈ کیمرون اپنے دورے کے دوران تاجروں سے بھی ملاقات کریں گے جس میں تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے دو طرفہ تعاون کے نئے طریقوں پر بات چیت کی جائے گی۔

Recommended Stories

Load Next Story