شمالی وزیرستان امریکی ڈرون حملہ 6 افراد جاں بحق پاکستان کا احتجاج

ڈرون حملوں سے دہشت گردی کیخلاف جنگ کونقصان پہنچ رہا ہے،ترجمان دفترخارجہ

ڈرون حملوں سے دہشت گردی کیخلاف جنگ کونقصان پہنچ رہا ہے،ترجمان دفترخارجہ،مہمندمیں ایک ہی خاندان کے4 افرادقتل،پشاورسے لاش ملی۔ فوٹو: فائل

شمالی وزیرستان میںعید الفطر کے موقع پر امریکی ڈرون حملے میں6 افراد جاں بحق اور 3زخمی ہو گئے ' حملے کے بعد بھی جاسوس طیارے کی نچلی پروازوں سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا جس سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا رہا۔

اطلاعات کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقہ شوئی در میںجہاںپر لوگ عید الفطرکی خوشیاں منا رہے تھے میںامریکی ڈرون نے ایک مکان پر2 میزائل فائر کیے،مکان میںموجود6 افرادموقع پر جاںبحق ہو گئے جبکہ گھر اور گاڑی مکمل تباہ ہو گئی ۔بی بی سی کے مطابق حملے میں 6 عسکریت پسند مارے گئے جن کاتعلق حافظ گل بہادرگروپ سے ہے،ایک مقامی شخص نے بتایا کہ حملے سے چند منٹ قبل حافظ گل بہادرگروپ کے جنگجوئوںکی گاڑی اس مکان میں داخل ہوئی جس پر ڈرون حملہ ہوا۔


انھوںنے کہا کہ یہ مکان پہلے سے ان جنگجووںکے زیر استعمال تھا لیکن عیدکی وجہ سے مکان میں زیادہ افرادنہیں تھے ۔ادھرمانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق ترجمان دفترخاجہ معظم خان نے امریکی ڈرون حملے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے اسے ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ۔ ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ ہماراہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ امریکی حملے پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کے خلاف ہیں،ان سے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔

نمائندے کے مطابق مہمند ایجنسی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 4افراد مارے گئے،قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی ، فورسز نے شک کی بناء پر 10افراد کو تحویل میں لے لیا ۔ خبر ایجنسیوں کے مطابق مہمند ایجنسی میںباپ بیٹے سمیت 4افراد کی لاشیں کھیتو ں سے ملیں جنھیںفائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ادھر پشاور کے نواحی علاقہ بڈھنی سے نامعلوم شخص کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ۔دریں اثناپشاور پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 6اشتہاریوںسمیت 25 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر لیا۔

Recommended Stories

Load Next Story