پاک چین تعلقات پر کتاب ”آپ اور ہم“ کا اردو ایڈیشن شائع

کتاب دونوں ممالک کے لوگوں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہوگی، مشاہد حسین سید کا تقریب سے خطاب

پاکستان مختلف شعبوں میں چین کے تجربے سے استفادہ کرنا چاہتا ہے،سی ای اوایکسپریس میڈیا گروپ اعجازالحق فوٹو: ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ اور چینی سفارت خانہ کے زیر اہتمام پاکستان میں چین کے سابق سفیر لی شولِن اور تانگ مِنگ شنگ نے پاک چین تعلقات پر لکھی گئی اپنی کتاب کا اردو ایڈیشن "آپ اور ہم" شائع کردیا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی قونصلیٹ پر حملہ سی پیک پر حملہ ہے، پاک چین تعلق دشمن کو کھٹکتا ہے، سی پیک مستقبل ہے، ہمیں چین سے دوستی پر فخر ہے، سی پیک لوگوں کو متحد کرے گا، پاکستان میں تمام سیاسی جماعتیں سی پیک کی حمایت کرتی ہیں، سی پیک بہتر مستقبل کی ضمانت ہے اور یہ خطے کو جوڑے گا،پاک چین دوستی سدا بہار ہے۔

مشاہد حسین سید نے کتاب کا اردو ایڈیشن شائع کرنے پر ایکسپریس میڈیا گروپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کتاب دونوں ممالک کے لوگوں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہوگی۔

چین کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ژالی ےان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملہ عسکریت پسندوں نے نہیں بلکہ دہشت گردوں نے کیا، دہشت گردوں نے پاکستان اور چین کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن دونوں ملکوں کی دوستی مضبوط سے مضبوط ہو رہی ہے، پاک چین دوستی صرف سیاسی اور دفاعی نہیں بلکہ معاشی اور معاشرتی شعبے تک پھیل چکی ہے۔

ژالی ےان نے کہا یہ کتاب چینی سفارت کاروں کے پاکستان کے بارے میں تجربات کا مجموعہ ہے ،اپنے تجربات کے ذریعے یہ کتاب بہت محنت سے لکھی گئی ہے ،کتاب پہلے چینی زبان میں لکھی پھر انگلش میں ترجمہ کیا گیا اب اردو ترجمہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لیے چینی عوام نے دل کھول کر امداد کی ہے، پاکستان اور چین کی حکومت بھی شہداء کے اہل خانہ کی امداد کرے گی۔

کتاب کے شریک مصنف سابق چینی سفیر لی شولِن نے کہا کہ اردو ترجمے میں کتاب شائع کرنے پر بہت خوشی ہے، یہ کتاب دونوں ملکوں کی دوستی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی، تین سال پہلے اس کتاب کی لانچنگ انگریزی میں ہوئی تھی، اس وقت کے صدر ممنون حسین نے اردو ایڈیشن شائع کرنے کا کہا تھا، کتاب کی اشاعت میں پاکستانی سفارت خانے نے بھی مدد کی۔ انہوں نے کہا دوستی بہت خوبصورت چیز ہے یہ دلوں میں گھر کرلیتی ہے، انہوں نے اردو شعر بھی پڑھا 'دل کے آئینے میں ہے تصویر یار۔ جب ذرا گردن جھکائی دیکھ لی۔


لوشو ِلن نے کہا یہ شعر ہمارے صدر کو بھی معلوم ہے جب انہوں نے اخبار میں مضمون لکھا تو اس شعرکا حوالہ دیا تھا، انہوں نے کہا پاک چین دوستی کو قائم رکھنے کے لیے ہمیں کوششیں کرنی چاہئیں، یہ کتاب چین اور پاکستان کی نوجوان نسل کے لیے ہے ، پاکستان اور چین کی دوستی لوہے کی طرح مضبوط ہے، چینی پاکستان کو پاتھی کہتے ہیں جس کا مطلب جگری دوست ہے۔

مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاک چین دوستی سدا بہار ہے، چینی قونصلیٹ پر حملہ سی پیک پر حملہ ہے، پاک چین تعلق دشمن کوکھٹکتا ہے، اکیسویں صدی ایشیا کی ہے، معاشی طاقت مغرب سے مشرق کی طرف منتقل ہورہی ہیں، سی پیک بہتر مستقبل کی ضمانت ہے اور یہ خطے کو جوڑے گا۔

"آپ اور ہم"کے مصنف تانگ مِنگ شنگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے ذریعے ہم خوشحال اور مضبوط پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں پاکستان سے بھی چین کے بارے میں ایسی کتاب لکھی جائے، سابق چینی قونصل جنرل نے کہا کہ میں اردو زبان کا طالب علم ہوں پاکستان میں میرے پرانے دوست اب بھی موجود ہیں، جب سے اردو سیکھی میں اردو اور پاکستان سے محبت کرنے لگا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے لیے ہیں، ہمیں ایک دوسرے کے احسان اتارنے چاہئیں، میں اس بات کا شاہد ہوں کہ پاکستان کی چین کے لیے بڑی قربانیاں ہیں، ہم ایک دوسرے سے کبھی الگ نہیں کیے جاسکتے، چین پاکستان کی مدد سے ترقی کرتا رہے گا۔

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ یہ کتاب پاک چین دوستی میں اہم سنگ میل ہے، ہمارے معاشرے میں ذاتی تجربات پر مشتمل کہانیوں کا اہم کردار رہا ہے، ہمارے مذہب میں چین کی علمی صلاحیت کو اہمیت حاصل ہے، ایچ ای سی پاکستان میں 193 یونیورسٹیوں کی نگرانی کرتا ہے، ہم نے سی پیک پر اکیڈمک اینڈ ریسرچ ڈیپارٹمنٹ تشکیل دیا ہے، چینی یونیورسٹیوں کے تعاون سے پاک چین کنسورشیم آف یونیورسٹیز تشکیل دیا ہے، پاکستان کے ہزاروں طلباء چین میں زیر تعلیم ہیں، ارتھ سائنسز پر پاک چین مشترکہ کنسورشیم جلد بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاﺅس میں بننے والی ریسرچ یونیورسٹی میں چین کا اہم کردار ہوگا، ہمیں چین سے ماحولیات اور گورننس سسٹم کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے، ہم ایک دوسرے کے تجربات کی کہانیوں سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں، ہم چینی زبان میں لکھے گئے لٹریچرکا ترجمہ کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں،امید ہے ہم مستقبل میں "آپ اور ہم"جیسی مزید کتابوں پر کام کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اعجازالحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے لوگوں کے درمیان رابطے کے حوالے سے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان مختلف شعبوں میں چین کے تجربے سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔

مقررین نے کتاب کے اردو ایڈیشن شائع کرنے کی ایکسپریس میڈیا گروپ کی کاوش کو پاک چین دوستی میں اہم قدم قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی اس طرح کے اقدام جاری رکھنے کی امیدکا اظہارکیا۔
Load Next Story