کامرہ حملہ سیکیورٹی اداروں کا سرچ آپریشن ماسٹر مائنڈ پکڑنے کا دعویٰ

ائیرچیف کا جاں بحق سپاہی محمد اقبال کے خاندان کو10لاکھ روپے دینے کا اعلان

لاہور میں بھی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا،ائیرچیف کا جاں بحق سپاہی محمد اقبال کے خاندان کو10لاکھ روپے دینے کا اعلان۔ فوٹو: اے ایف پی

کامرہ ائیربیس حملے کے بعد ممکنہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران لاہورسمیت مختلف علاقوںسے درجنوں افراد کوحراست میں لے لیا ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے کامرہ ائیربیس میں مارے جانے والے دہشت گردوں سے ملنے والے موبائل فون اور شناخت ہونے والے دہشت گردوں کی معلومات کی روشنی میں پنجاب کے مختلف مقامات سے 4اہم ملزموں کو حراست میں لے لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میںمبینہ طورپر نیٹ ورک کا ماسٹرمائنڈ بھی شامل ہے ۔

تحقیقاتی ٹیم نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے شناختی کارڈ بھی حاصل کرلیے ہیں جن کی روشنی میں ان کے عزیز واقارب سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔ واہ کینٹ کے مختلف علاقوں میں سحری کے وقت شروع ہونے والے سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے رہائش پذیر افراد کی چھان بین کی اور ان کے کوائف جمع کیے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے مہمان آئے ہوئے افراد کی بھی چھان بین کی۔ 40 سے زائد جن مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے وہ اپنی شناختی دستاویزات پیش نہیں کرسکے ، ان میں5 غیرملکی باشندے بھی شامل ہیں جن کا تعلق افغانستان سے بتایا جارہا ہے۔


ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر راولپنڈی کے حساس علاقوں سمیت مختلف رہائشی اور تجارتی علاقوں میں پولیس کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ان علاقوں میں گھر گھر سرچ آپریشن کریں۔ سخت حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کی جانب صرف ان افراد کو آنے کی اجازت ہے جنہیں ائیر فورس کی طرف جاری خصوصی کارڈ جاری کیے گئے ہیں ۔ کامرہ ائیربیس پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے ایک مبینہ ساتھی کی گرفتاری کے بعد لاہور میں ملزموں کی گرفتاری کیلئے پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

پولیس کے تمام ڈویژنوں میں سرچ آپریشن کے دوران ہوٹلوں، پرائیویٹ فلیٹوں، بس اڈے اور ریلوے سٹیشن پر مشکوک افراد کی چیکنگ کی گئی۔ دہشت گردوں کے مبینہ ساتھی کی گرفتاری کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا تاہم بعض مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔ آن لائن نے پاکستان ائیرفورس کے ترجمان کے حوالے سے بتایاکہ فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کامرہ ائیربیس میں دہشت گردی کے حملے میں جاں بحق سپاہی محمد اقبال کے خاندان کو10لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ محمد اقبال دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران ٹرک سے حادثاتی طورپر گرکر زخمی ہوگئے تھے اور بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔

Recommended Stories

Load Next Story