اولڈسٹی ایریا علاقہ غیرہے جہاں قانون کا اطلاق نہیں ہوتا فاروق ستار

کھارادر واقعے پرتعزیت کیلیے گیا تھا قافلے پرگینگ وارملزمان نے فائرنگ کردی،پریس کانفرنس.

بھتہ خوری نے کاروبار تباہ کردیا،دہشت گردوں کو لگام نہ دی توملک عدم استحکام کا شکار ہوجائیگا۔ فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈرڈاکٹرفاروق ستارنے کہاہے کہ دہشت گردوں کی سرگرمیوں کولگام نہ دی گئی تودہشتگردیہاں پر اورزیادہ افراتفری اورعدم استحکام پیداکریں گے جس کے نتیجے میں پاکستان اور کمزور ہوگا۔

اولڈ سٹی ایریا کراچی کاعلاقہ غیر ہے ،وہاں پاکستان کے قوانین کااطلاق نہیں ہوتا ،حکومت اور قانون کی کوئی عملداری قائم نہیں ،گزشتہ ایک طویل عرصہ سے اولڈسٹی ایر یا کا علاقہ جرائم پیشہ عناصر دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے ، وہاں کے عوام یرغمال ہیں،کاروبار اور تجارت مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے اور خوف و دہشت کا راج ہے۔اولڈ ٹائون کراچی کے دورے کے موقع پر گینگ وار کے دہشت گردوں کی جانب سے ان کے قافلے پرفائرنگ اورقاتلانہ حملے کے بعدہفتے کی شب ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروسے متصل خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آبادمیںپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوء انھوں نے کہاکہ امن و امان قومی سلامتی کامعاملہ ہے اور کوئی مسئلہ قومی سلامتی کیلیے خطرہ بن جائے تواسے روایتی طور پر مرکزاورصوبوں کے درمیان فٹ بال نہیں بنانا چاہیے۔

انھوں نے کہاکہ کاروبار تباہ ہورہاہے ایسی صورتحال ملک اور معیشت کے لیے نیک شگون نہیں ہے ، تاجر عوام امن وامان،بھتہ خوری کامستقل حل چاہتے ہیں اوراس سے نجات کے لیے کاروباربندکرنے اورطویل دھرنادینے پربھی تیار ہیں،اولڈ ٹائون میں حالات کی خرابی کو دو گروپوں کے درمیان لڑائی قرار دیاجارہاہے جبکہ معاملہ دہشتگردوں کی جانب سے دکانداروں اورکاروباری حضرات سے بھتہ وصولی کاہے،تاجروں نے واضح پیغام دیاہے کہ ہماری جان اور کاروبار کی حفاظت کا انتظام کیا جائے بصورت دیگراعلیٰ حکام،انتظامیہ اورقانون نافذ کرنے والے ادارے ہمیں بتادیں تاکہ ہم اپنی حفاظت کی ذمے داری خودسنبھال لیں۔




فاروق ستار نے کہاکہ اپنے حلقے میں جانے کا مقصد گزشتہ روز کھارادر کے علاقے اولڈسٹی ایریاکے محلے میں کئی مقامات پر دہشت گردوںکی فائرنگ ہلاک ہونے والے چار بے گناہ افراد اور متعدد شہریوں کے زخمی ہونے پر جائے وقوع کامعائنہ اور شہید افراد کے لواحقین سے ملاقات کرکے اظہار ہمدردی،یکجہتی اور تعزیت کرنا تھا اور وہاں کے دکانداروں، تاجروں اور عوام سے بھی ملاقات کرنی تھی،ابھی ہم وہاں کا دورہ کررہے تھے کہ ہمارے قافلے پرفائرنگ کرکے قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کی گئی اور یہ تاثر دیا گیا کہ گویا یہاں ان کاراج ہے اور دیگر کے لیے یہ علاقہ غیر ہے۔

علاوہ ازیں انھوں نے بتایا کہ دورے کے موقع پران کی ملاقات عبد الستار ایدھی سے بھی ہوئی تھی جس پر انھوں نے انکی عیادت کی اور خیریت دریافت کی۔دریں اثناحق پرست رکن سندھ اسمبلی محمد کامران حسین نے بتایا کہ اولڈ ٹائون میں تاجر طبقے نے اپنے طور پر بینرز آویزاں کردیے ہیں کہ آئے روز کی بھتہ وصولی کی وجہ سے رمضان میں6بجے کے بعد کاروباروی سرگرمیاں جاری نہیں رکھ سکتے جوکہ قابل تشویش بات ہے۔
Load Next Story