خاتون کے اکاؤنٹ سے ایک کروڑ نکالنے میں منیجر نے مدد کی

ملزمان نے15لاکھ سابق سینیٹر میر علی دستی کے اکائونٹ میں منتقل کیے، ایکسپریس سے گفتگو

ملزمان نے15لاکھ سابق سینیٹر میر علی دستی کے اکائونٹ میں منتقل کیے، ایکسپریس سے گفتگو

بوٹ بیسن میں خاتون کو اغوا کرکے بینک اکائونٹ سے ایک کروڑ روپے نکلوانے میں بینک منیجر نے ملزمان کی مدد کی تھی جس کے عوض اس نے ملزمان سے 20 ہزار روپے وصول کیے تھے جبکہ گڈیوں میں بھی نوٹ کم رکھے گئے تھے۔تفصیلات کے مطابق جمعے کو ایس پی کلفٹن ڈاکٹر فرخ نے خاتون کو اغوا کرنے والے 7 ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزمان نے بوٹ بیسن سے خاتون کو اغوا کرکے مغویہ کے بینک اکائونٹ سے ایک کروڑ روپے نکلوائے تھے۔


ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فرخ نے بتایا کہ گیتا شاہوانی کے اغوا میں ان کا ڈرائیور اپنے ساتھیوں سمیت ملوث تھا جبکہ بینک سے ایک کروڑ روپے نکلوانے کے سلسلے میں بینک منیجر نے ان کی مدد کی تھی، ملزمان نے تفتیش کے دوران بتایا کہ انھوں نے بینک منیجر کو 20 ہزار روپے دیے تھے جبکہ منیجر نے جو گڈیاں فراہم کیں ان میں بھی ہر گڈی میں کئی نوٹ کم تھے ،ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ انھوں نے 15 لاکھ روپے بلوچستان کے سابق سینیٹر میر علی دستی کے بینک اکائونٹ میں بھی منتقل کیے تھے جبکہ باقی رقم کا بٹوارہ کرلیا گیا۔

ملزمان کا کہنا ہے کہ سابق سینیٹر میر علی دستی نے انھیں اپنے گھر میں پناہ بھی دی تھی۔ واضح رہے کہ 30 جولائی کو گیتا شاہوانی نامی خاتون نے بوٹ بیسن تھانے میں درخواست جمع کرائی تھی کہ وہ کلفٹن بلاک 2 مون ویسٹ اپارٹمنٹ کی رہائشی ہے اور اسے نامعلوم ملزمان اغوا کرکے لے گئے جبکہ گھر سے چیک بک اور دیگر قیمتی سامان بھی لے گٓئے اور ان سے ایک کروڑ روپے کے چیک پر دستخط کروائے جس کے بعد بینک سے رقم نکلوانے کے بعد انھیں رہا کردیا گیا۔
Load Next Story