خضدار وڈھ میں مسافر بسوں پر فائرنگ 3 افراد جاں بحق

فائرنگ کے واقعات سے کچھ وقت قبل ٹرنسپورٹرز نے حکام کی یقین دہانی پر امن و امان کی صورت حال پر احتجاج ختم کیا تھا۔

موٹر سائیکل سواروں نے مسافر بسوں پر فائرنگ کی، لیویز حکام۔ فوٹو: فائل

KARACHI:

وڈھ کے قریب مختلف مقامات پر شرپسندوں کی مسافر بسوں پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔




خضدار میں امن و امان کی مخدوش صورت حال کے پیش نظر مقامی ٹرانسپورٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے 28 گھنٹوں تک اہم رابطہ سڑکیں بند کررکھیں تھیں تاہم حکام کی یقین دہانی پر ٹرانسپورٹرز نے اپنا احتجاج ختم کیا ہی تھا کہ تحصیل وڈھ کے مختلف مقامات پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد دو مسافر بسوں پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 3 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔


لیویز حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعات کے بعد علاقے کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے بھی کارروائی کی جارہی ہے۔

Load Next Story